بینک ڈکیتی ناکام ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ہلاک

سرکاری اسلحہ بھی لے گئے، سی سی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرلی گئی.

پولیس نے بینک کے باہر لگے سی سی کیمروں سے بننے والی ملزمان کی فلم حاصل کر لی ہے جس میں ملزمان کی تصویریں واضح ہیں. فوٹو: فائل

گلستان جوہر میں ناکام بینک ڈکیتی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔

ملزمان فرار ہوتے ہوئے سرکاری سب مشین گن اپنے ساتھ لے گئے، تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے یونیورسٹی روڈ بلاک7میں واقع نجی بینک کی برانچ کے باہر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار38سالہ محمد مٹھل ولد تار محمد زخمی ہو گیا ، ملزمان محمد مٹھل کی سرکاری ایس ایم جی نمبر 00678 اپنے ساتھ لے گئے، محمد مٹھل کو طبی امداد کیلیے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔




پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار2ملزمان ڈکیتی کی نیت سے بینک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ وہاں تعینات گلستان جوہر تھانے کے اہلکار محمد مٹھل نے انھیں روکنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے اس پر فائرنگ کر دی،ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان بینک ڈکیتی کیلیے نہیں بلکہ پولیس اہلکار کا اسلحہ لینے آئے تھے اورکامیاب واردات کر کے فرار ہو گئے، مقتول محمد مٹھل صفورا گوٹھ کے قریب بختاور گوٹھ کا رہائشی تھا، پولیس نے بینک کے باہر لگے سی سی کیمروں سے بننے والی ملزمان کی فلم حاصل کر لی ہے جس میں ملزمان کی تصویریں واضح ہیں،پولیس مخبروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی کوشش کر رہی ہے۔
Load Next Story