کراچی حصص مارکیٹ انڈیکس 16858 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

حصص کی مالیت میں 12 ارب55 کروڑ 1 لاکھ 25 ہزار 915 روپے کا اضافہ ہوا


Business Reporter December 19, 2012
حصص کی مالیت میں 12 ارب55 کروڑ 1 لاکھ 25 ہزار 915 روپے کا اضافہ ہوا۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

لاہور: کراچی اسٹاک ایکس چینج میں ایک روز کی مندی کے بعد منگل کوتیزی کے باعث انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

تیزی کے سبب 48.34 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 12 ارب55 کروڑ 1 لاکھ 25 ہزار 915 روپے کا اضافہ ہوا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں رقم کی وصولیوں سے متعلق اطلاعات پر سرمایہ کاروں نے مخصوص شعبوں میں خریداری سرگرمیاں بڑھائیں جس کی وجہ سے مارکیٹ تیزی کی جانب گامزن ہوئی۔

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، مقامی کمپنیوں اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر50 لاکھ 56 ہزار 984 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کے نتیجے میں ایک موقع پر 111.5 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس ایک بار پھر 16900 کی حد عبور کرگیا تھا لیکن اس دوران بینکوں و مالیاتی اداروں کی جانب سے7 لاکھ 98 ہزار 627 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے2 لاکھ41 ہزار 306 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے30 لاکھ 50 ہزار 831 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے9 لاکھ 66 ہزار 220 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلا نے تیزی کی شرح میں کمی کی جس کے نتیجے میں16900 کی حد گرگئی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 57.66 پوائنٹس کے اضافے سے 16858.68 پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 70.79 پوائنٹس کے اضافے سے13680.85 اور کے ایم آئی30 انڈیکس6.26 پوائنٹس کے اضافے سے 28822.02 ہوگیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت 29.54 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 11 کروڑ86 لاکھ 45 ہزار250 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 362 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 167 کے بھائو میں اضافہ، 175 کے داموں میں کمی اور 20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں