جمہوریت پر شب خون مارنے والے کوسیاست میں حصہ لینے کا کوئی حق نہیں رضاربانی

ملک کو تباہ کرنے والے کے بارے میں ملک کی باگ ڈور دینے کا سوچنا غیر مناسب اور غلط ہے، چیئرمین سینیٹ


ویب ڈیسک November 15, 2016
اگر صوبائی خود مختاری کو رول بیک کرنے کی کوشش کی گئی تو انتہائی خطرناک عمل ہوگا، چئیرمین سینٹ فوٹو؛ فائل

چئیرمین سینٹ رضا ربانی کا کہنا ہے کہ جس روز پرویز مشرف نے وطن واپس آکر سیاست میں حصہ لیا وہ دن پاکستانی سیاستدانوں کا آخری دن ہونا چاہئے کیوں کہ جمہوریت پر شب خون مارنے والے کو پاکستانی سیاست میں حصہ لینے کا کوئی حق نہیں۔

لاہور میں پیپلزپارٹی کے مرحوم رہنما جہانگیر بدر کے لواحقین سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چئیرمین سینٹ رضاربانی کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے جمہوریت پر شب خون مارا عدلیہ کو پامال کیا ان پر آرٹیکل 6 لاگو ہے اگر وہ پھر بھی وطن واپس آکر سیاست میں حصہ لیتے ہیں تو پاکستان میں رہنے والے تمام سیاست دانوں کا آخری روز ہونا چاہئے کیوں کہ جمہوریت پر شب خون مارنے والے کو سیاست میں حصہ لینا کا کوئی حق نہیں ملک کو تباہ کرنے والے کے بارے میں ملک کی باگ ڈور دینے کا سوچنا غیر مناسب اور غلط سوال ہے۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں پرویز مشرف کے حق میں نعرے درج

رضاربانی کا کہنا تھا کہ جمہوریت بجلی کا سوئچ نہیں کہ آن کریں تو جمہوری عمل شروع ہوجائے، موجودہ جمہوری نظام میں بہت سی خرابیاں ہیں اگر جمہوری نظام نہیں چلا تو خامیاں دور نہیں ہونگی 18 ویں ترمیم پر جمہوری طور پرعمل ہونا چاہئے 18 ویں ترمیم کے تحت صوبائی خود مختاری کو نافذ نہیں کیا جارہا اگر صوبائی خود مختاری کو رول بیک کرنے کی کوشش کی گئی تو انتہائی خطرناک عمل ہوگا۔

چئیرمین سینٹ کا کہنا تھا کہ اگر عدالت کو اپنا کام کرنے دیا جائے اور پارلیمنٹ کو مضبوط اور فعال بنایا جائے تو تمام ادارے صحیح طریقے سے کام کریں گے۔

بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ اور پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر رضاربانی کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرا عظم مودی اس وقت جنون کی کیفیت میں ہیں، بھارت اسی جنون میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کررہا ہے جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں