سیاست مدبرانہ لوگوں کا کام ہے عمران خان کا نہیں خواجہ سعد رفیق

معلوم نہیں عمران خان یہ سب کس کے کہنے پرکر رہے ہیں، وزیرریلوے


ویب ڈیسک November 15, 2016
معلوم نہیں عمران خان یہ سب کس کے کہنے پرکر رہے ہیں، وزیرریلوے، فوٹو؛ فائل

ABU DHABI: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان پاکستان کی سیاست میں انوکھے لاڈلے بنے ہوئے ہیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیئے کہ سیاست مدبرانہ لوگوں کا کام ہے ان کا نہیں۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے عمران خان پر خوب تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں خان صاحب انوکھے لاڈلے بنے ہوئے ہیں، ایسا نہیں ہوسکتا کہ انوکھا لاڈلا جوکہتا جائےاور ہم مانتے جائیں، سیاست ضد، انا اور الزام تراشی کا نام نہیں جب کہ یہ مدبرانہ لوگوں کا کام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان دوسروں سے معافی کا تقاضہ کرتے ہیں لیکن خود انہیں کبھی شرم نہیں آتی، تحریک انصاف کا دھرنا شو ناکام ہوا اور جوڈیشل کمیشن کے بعد بھی عمران خان نے معافی نہیں مانگی۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان نے لندن مئیر انتخابات میں یہودی رشتے دار کی حمایت کی انہوں نے ڈنکے کی چوٹ پر ایک یہودی کی انتخابی مہم چلائی، عمران بعض اوقات سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے بھی محروم ہوجاتے ہیں ان کی گندی سیاست کی وجہ سے چین کے صدر کا دورہ پاکستان ملتوی ہوا جبکہ سی پیک کو متنازع بنانے کے لیے بھی انہوں نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا، معلوم نہیں وہ یہ سب کس کے کہنے پرکر رہے ہیں، عمران خان کو چاہیئے کہ وہ سیاست چھوڑ کر فاسٹ بولنگ کی کوچنگ کریں۔

لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے حوالے سے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بھارت فوجی طاقت اوردھونس سے کب تک کشمیریوں پرظلم کرتا رہے گا، پاکستانی قوم بھارتی جارحیت کی مذمت کرتی ہے، کشمیری عوام کو غلام بنا کر نہیں رکھا جاسکتا، پوری قوم کشمیر کاز پر ایک ہے اور ہم مسلسل کشمیریوں کی آواز سے آواز ملاتے رہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں