دوسرا ٹیسٹ عثمان خواجہ کی طلبی کلارک کھیلنے کیلیے بضد

12رکنی کینگرو اسکواڈ میں بین ہلفنہاس کی جگہ فاسٹ بولر جیکسن برڈ کو مل گئی

اگر کپتان مائیکل کلارک بروقت فٹ نہیں ہو پائے تو بیٹنگ آرڈر میں ان کی جگہ عثمان کو ملے گی۔ فوٹو: فائل

باکسنگ ڈے ٹیسٹ کیلیے آسٹریلوی انجرڈ کپتان مائیکل کلارک کے کور اپ کے طور پر عثمان خواجہ کو طلب کرلیا گیا۔

12 رکنی اسکواڈ میں بین ہلفنہاس کی جگہ نوجوان فاسٹ بولر جیکسن برڈ کو مل گئی، ہیمسٹرنگ انجری سے دوچار ہونے کے باوجود کلارک بدستور قیادت کرنے پر بضد ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے سری لنکا کیخلاف26 دسمبر سے میلبورن میں شروع ہونے والے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کیلیے اسکواڈ کا اعلان کردیا،سائیڈ اسٹرین انجری کا شکار بین ہلفنہاس کی جگہ نئے کھلاڑی26 سالہ جیکسن برڈ کو شامل کیا گیا،وہ تسمانیہ کی جانب سے 14 میچز میں 40 وکٹیں لے چکے ہیں، پلیئنگ الیون میں جگہ کیلیے ان کا مقابلہ مچل جونسن سے ہوگا جو پہلے ٹیسٹ میں ڈراپ کردیے گئے تھے۔




آسٹریلیا نے بطور انجرڈ کپتان مائیکل کلارک کور اپ پاکستانی نژاد عثمان خواجہ کو بھی طلب کیا ہے، اگر کپتان بروقت فٹ نہیں ہو پائے تو بیٹنگ آرڈر میں ان کی جگہ عثمان کو ملے گی لیکن کلارک ہر صورت میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ کھیلنا چاہتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ میں نے اپنی تکلیف کا علاج شروع کرا دیا اور یہ زیادہ سنجیدہ نوعیت کی نہیں ہے، ابھی میرے پاس ایک ہفتہ موجود اور مجھے اس دوران مکمل فٹ ہونے کی پوری امید ہے، میں میلبورن میں کھیلنے کیلیے پُراعتماد ہوں۔
Load Next Story