آنے والی نسلوں کو محفوظ اور خوشحال پاکستان دیں گے سربراہ پاک فوج

آرمی چیف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہیں مختلف آپریشن پر بریفنگ دی گئی، ترجمان پاک فوج


ویب ڈیسک November 15, 2016
آرمی چیف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہیں مختلف آپریشن پر بریفنگ دی گئی، ترجمان پاک فوج، فوٹو؛ فائل

KARACHI: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ اپنی سر زمین سے دہشت گری کے مکمل خاتمے کے مقصد کے حصول کے قریب پہنچ چکے ہیں ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان دیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جنوبی و شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنز، ٹی ڈی پیز کی واپسی اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے ٹی ڈی پیز کی واپسی کے عمل کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہارکرتےہوئے ہدایت دی کہ ٹی ڈی پیز کی واپسی 2016 کے اختتام کے طے شدہ وقت میں مکمل کی جائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بنوں، میران شاہ اور غلام خان روڈ کا افتتاح بھی کیا، 84 کلومیٹر طویل سڑک یو ایس ایڈ کے تعاون سے ایف ڈبلیو او نے تعمیر کی، سڑک کے ذریعے نیا راستہ کھلنے سے بنوں اور افغانستان کا تجارتی راستہ چھ گھنٹے سے کم ہو کر ڈیڑھ گھنٹہ ہو گیا، نئی سڑک کی تعمیر کے ساتھ ہی 705 کلومیٹر طویل اسٹریٹجک سینٹرل ٹریڈ کوریڈور بھی مکمل ہوگیا جس کے ذریعے افغانستان اور سنٹرل ایشیا تک ہر طرح کی آمدورفت ممکن ہو گئی۔



ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے میران شاہ میں جدید ترین یونس خان اسپورٹس اسٹیڈیم کا افتتاح بھی کیا، شائقین سے بھرے اسٹیڈیم میں فاٹا الیون اور یونس خان الیون کا افتتاحی میچ کھیلا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جدید تعلیمی، کھیلوں کی سہولتوں کی فراہمی سے فاٹا کے نوجوانوں کی عالمی سطح پر اپنے آپ کو منوانے کی آرزو کی تکمیل ہو سکے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف اور ان کی اہلیہ نے جنوبی وزیرستان میں نئے آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا اورچغملائی میں قائم اے پی ایس کے بچوں کےساتھ وقت گزارا۔



ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ اپنی سر زمین سے دہشت گری کے مکمل خاتمے کے مقصد کے حصول کے قریب پہنچ چکے ہیں. آپریشنز میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں جب کہ خطے کے امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی مکمل حمایت پر قبائلی عوام کو سراہتے ہیں۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور حکومت قبائلی عوام سے ترقی و خوشحالی کے تمام وعدوں کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے، ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں