بال ٹیمپرنگ کے الزامات سے کینگرو کیمپ پر سکتہ طاری

پیٹر سڈل کی گیند سے چھیڑچھاڑکی تصویر سوشل میڈیا پرزیرگردش، سری لنکن ٹیم مینجمنٹ کی غیررسمی شکایت۔


AFP/Sports Desk December 19, 2012
آئی سی سی نے عدم شواہد کی بنیاد پرآسٹریلوی پیسر کے خلاف کارروائی سے انکار کردیا،کلارک الزام پر حیران۔ فوٹو: فائل

ہوبارٹ ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے الزامات سے کینگرو کیمپ پر سکتہ طاری ہوگیا۔

میچ کے ہیرو پیٹرسڈل کی گیند سے چھیڑ چھاڑکی ایک تصویر سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی، سری لنکن ٹیم مینجمنٹ کی غیررسمی شکایت پر آئی سی سی نے عدم شواہد کی بنیاد پر کینگرو پیسر کے خلاف کارروائی سے انکار کردیا، میچ ریفری کرس براڈ کا کہنا ہے کہ ہمیں ٹیمپرنگ کا کوئی ثبوت نہیں ملا، آسٹریلوی کپتان نے معاملے کو حیران کن اور سڈل نے مضحکہ خیز قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق مہمان ٹیموں کے بولرز کو چکر قرار دینے اور ان پر بال ٹیمپرنگ کا الزام عائد کرنے والی آسٹریلوی ٹیم اب خود ان الزامات کا شکار ہوگئی، ہوبارٹ ٹیسٹ کے موقع پر لی گئی ایک تصویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے، اس میں میزبان فاسٹ بولر پیٹر سڈل مبینہ طور پر گیند سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، جب یہ بات سری لنکن ٹیم مینجمنٹ کے نوٹس میں آئی تو انھوں نے معاملہ غیررسمی طور پر آئی سی سی کے سامنے اٹھانے میں کوئی تاخیر نہیں کی، ٹیم منیجر چارتھ سینانائیکے نے اس بارے میں کونسل کے آفیشلز سے بات کی، مگر میچ ریفری کرس براڈ کو ویڈیو فوٹیج کا جائزہ لینے کے باوجود کوئی بھی قابل اعتراض حرکت یا چیز دکھائی نہیں دی۔

05

انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ میچ کے دوران امپائرز باقاعدگی سے گیند کا جائزہ لیتے رہتے ہیں اور ویڈیو فوٹیج دیکھنے کے بعد انھوں نے دوبارہ بھی گیند کا جائزہ لیا، مگر ان کو ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے علم ہوسکتا کہ گیند کی ساخت خراب کی گئی ہے، اس روز میں نے چائے کے وقفے کے دوران آسٹریلوی کوچ مکی آرتھر سے بھی بات کی اور ان پر واضح کیا کہ امپائر گیند کا باقاعدگی سے جائزہ اور کھلاڑیوں کی حرکات پر نظر رکھنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، اس ویڈیو یا تصویر سے بھی ایسا کوئی ثبوت نہیں ملتا جس سے کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت کوئی کارروائی کی جاتی، ویسے بھی ہمیں سری لنکا کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔

آئی لینڈرز کے کپتان مہیلا جے وردنے کا کہنا ہے کہ خود ہم نے بھی واضح ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے آفیشل طور پر شکایت نہیں کی مگر یہ معاملہ آئی سی سی کے نوٹس میں ضرور لائے۔ ادھر آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے معاملے پر حیرت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے قوانین کے اندر رہتے ہوئے مکمل طور پر گیم اسپرٹ کا مظاہرہ کیا،میچ میں 9 وکٹیں لے کر بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے پیٹرسڈل نے بال ٹیمپرنگ کے الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کچھ غلط نہیں کیا، ٹویٹر پر جس کا جو دل چاہے کہتا ہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں