یومیہ 12ملین ڈالراسمگل کیے جارہے ہیں سلیم مانڈوی والا

ملک بھر میںکئی ہزار نان رجسٹرفارن ایکس چینج کرنسی ڈیلرز کام کررہے ہیں.


Business Reporter December 19, 2012
روپے کی قدرڈالر کی نسبت 90روپے کی سطح پر لانے کا ہدف مقرر کردیا،وزیر مملکت۔ فوٹو: فائل

وزیر مملکت برائے خزانہ سلیم ایچ مانڈوی والا نے انکشاف کیا ہے کہ یومیہ بنیادوں پر ایک کروڑ 20لاکھ ڈالر کی غیرملکی کرنسی کی اسمگلنگ کی جارہی ہے۔

80فیصد رقم ڈالر کے علاوہ دیگر کرنسیوں کی شکل میں دبئی جارہی ہے جس کی روک تھام کے لیے غیرقانونی کرنسی ڈیلرز کے خلاف ملک گیر کریک ڈائون شروع کردیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سرمائے کے غیرقانونی انخلا کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کافیصلہ کرلیا ہے جس کے نتائج ایک ہفتے میں ظاہر ہوجائیں گے۔ وفاقی سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ کچھ عناصر حکومت کی ساکھ خراب کرنے کے لیے سرگرم ہیں غیرضروری وسوسے اور افواہیں پھیلانے والے عناصر کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے ۔

02

انھوں نے بطور وزیر مملکت خزانہ روپے کی قدر ڈالر کی نسبت 90روپے کی سطح پر لانے کا ہدف مقرر کیا ہے آئندہ ہفتے سے روپے کی قدر میں بہتری آنا شروع ہوجائے گی اور ڈالر کی سٹے بازی میں ملوث افراد کو نقصان کا سامنا ہوگا۔ انھوںنے کہا کہ پاکستان سے دبئی اور مڈل ایسٹ کو کرنسی کی اسمگلنگ روکنے کے انتظامات کرلیے گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں رجسٹرڈ فارن ایکس چینج کمپنیوں کی تعداد چند سو تک محدود ہے تاہم ملک بھر میں تین ہزار سے زائد کرنسی ڈیلرز کام کررہے ہیں ۔وزیر مملکت نے پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر پر تشویش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس آئی ایم ایف اور دیگر اداروں کو قرضوں کی اقساط کی ادائیگی کے باوجو 6 ماہ کی ضرورت کا زرمبادلہ دستیاب ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں