پاکستان کو بدلنے کے لیے بڑے فیصلے کرنا ہوں گے عمران خان

سچ اور حق کی بات کرنے والا لیڈر ہوتا ہے لیکن نوازشریف سپریم کورٹ میں جھوٹ بول رہے ہیں، چیرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک November 16, 2016
سچ اور حق کی بات کرنے والا لیڈر ہوتا ہے لیکن نوازشریف سپریم کورٹ میں جھوٹ بول رہے ہیں، چیرمین پی ٹی آئی، فوٹو؛ فائل

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جو ڈرتا ہے وہ بڑے فیصلے نہیں کرتا لیکن پاکستان بدلنے کے لیے بڑے فیصلے کرنا ہوں گے اور ہمیں پہلے اپنے آپ کو بدلنا ہو گا۔

اسلام آباد میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے کنونشن سےخطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جو ڈرتا ہے وہ بڑے فیصلے نہیں کرتا لیکن پاکستان بدلنے کے لیے بڑے فیصلے کرنا ہوں گے اور ہمیں پہلے اپنے آپ کو بدلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کرنے والوں کی دنیا میں عزت ہوتی ہے دنیا کبھی بھی کسی گیدڑ کی عزت نہیں کرتی۔

چیرمین تحریک انصاف وزیراعظم نوازشریف کو کنونشن میں بھی نہ بھولے اورانہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سچ اور حق کی بات کرنے والا لیڈر ہوتا ہے، لیڈرہوتا ہی وہ ہے جو سچ اور حق پر کھڑا ہوتا ہے، مسلمان بننے کے لیےسچ بولنا ضروری ہے جب کہ سچ وہ نہیں جو وزیراعظم سپریم کورٹ میں بول رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہم تعلیم پرسب سے زیادہ پیسہ خیبرپختونخوا میں لگا رہے ہیں کیوں کہ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی عظیم معاشرہ کہلاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا آج بھی قائداعظم کی عزت کرتی ہے کیونکہ وہ پاکستان ہمارے لیے بنارہے تھے، قائداعظم نے اپنی ذات اوراقتدارکے لیے پاکستان نہیں بنایا، ہم بھی پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے۔

پی ٹی آئی کے جلسوں میں بدنظمی کی تو روایات برقرار ہے لیکن آج انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کےکنونشن میں بھی بدنظمی دیکھی گئی، کارکنوں نےاسٹیج پرچڑھنے کی کوشش کی جس پر عمران خان کارکنوں کو اسٹیج سے نیچے اترنے کی ہدایت کرتے رہے لیکن کارکنان پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا جس پر عمران خان بھی کہنے پر مجبور ہوگئے کہ ایک دن آئے گا کہ پارٹی میں نظم و ضبط ہوگا، فی الحال ابھی تو نظر نہیں آرہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں