پاکستان میں بھارتی مداخلت خطے کے امن کیلیے بڑا خطرہ ہے چوہدری نثار

وزیر داخلہ نے برطانوی وزیر خارجہ سے ملاقات میں پاکستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ اٹھایا۔

وزیر داخلہ نے برطانوی وزیر خارجہ سے ملاقات میں پاکستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ اٹھایا۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہےکہ پاک بھارت تعلقات کے بگاڑ کا ذمہ دار بھارت ہے اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت خطے کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے لندن میں برطانوی وزیر خارجہ بورس جونسن سے ملاقات کی جس میں پاک برطانیہ تعلقات مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے میں قیام امن کے لیے شانہ بشانہ کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر چوہدری نثار نے کہا کہ پاکستان نے لندن سے تعلقات کو ہمیشہ اہمیت دی اور خارجہ پالیسی سے متعلق دونوں ممالک کے مقاصد یکساں ہیں۔

برطانوی وزیر خارجہ سے ملاقات میں چوہدری نثار نے پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے اسے خطے کے امن کے لیے بہت بڑا خطرہ قرار دیا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تعلقات کے بگاڑ کا ذمہ دار بھارت ہے کیونکہ بھارت نے مذاکرات کے دروازے بند کررکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوگا اور ہم اپنے فوجی جوانوں کو شہید کیے جانے پر بھارت کو بھرپور جواب دیں گے۔
Load Next Story