’’شکریہ آسٹریلیا‘‘ پاکستان کی دوسری پوزیشن فی الحال ’ڈینجر زون‘ سے باہر

کیویزپروائٹ واش سے ٹیسٹ رینکنگ میں نمبرون بھارت سے فاصلہ کم ہوجائے گا، ناکامی پر بھی تنزلی کا خطرہ نہیں


Sports Desk November 17, 2016
اگر پاکستان سیریز کے دونوں میچ جیتا تو اس کے پوائنٹس 112 اورٹاپ پر موجود بھارت سے فاصلہ صرف تین پوائنٹس رہ جائے گا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پروٹیز کے ہاتھوںکینگروز کی درگت کا براہ راست فائدہ پاکستان نے اٹھالیا، ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن فی الحال 'ڈینجرزون' سے باہر آگئی، نیوزی لینڈ کیخلاف وائٹ واش سے نمبرون سائیڈ بھارت سے فاصلہ کم ہوجائے گا، ناکامی کی صورت میں بھی تنزلی کا خطرہ نہیں رہے گا، کھلاڑیوں کے پاس بھی اپنی رینکنگ بہتر بنانے کا موقع موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو ابتدائی 2 ٹیسٹ میں شکست فاش سے دوچار کرکے پاکستان کی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر چھائے خطرات کو وقتی طور پر ٹال دیا ہے۔ تازہ ترین صورتحال میں پروٹیز کی نگاہیں اب چوتھی پوزیشن پر مرکوز ہیں مگر اس کیلیے انھیں آئندہ جمعرات سے ایڈیلیڈ میں شروع ہونے والے نائٹ ٹیسٹ میں کامیابی درکار ہے، اگر مہمان ٹیم نے ایسا کرلیا تو پھر اس کے پوائنٹس 96 سے 105 ہوجائیں گے، اس طرح آسٹریلیا 108 سے102 پوائنٹس پر جانے کے بعد پانچویں نمبر پر پہنچ جائے گا۔

اگرکینگروز آخری ٹیسٹ جیت گئے تو پھر تیسرے سے چوتھے نمبر پر پہنچیں گے مگر پانچویں پوزیشن کے حامل پروٹیز سے چند اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے آگے ہی رہیں گے۔ اس طرح آسٹریلیا کی دوسرے نمبر پر ترقی کا امکان ختم ہوگیا، اب اگر پاکستان سیریز کے دونوں میچ جیتا تو اس کے پوائنٹس 112 اورٹاپ پر موجود بھارت سے فاصلہ صرف تین پوائنٹس رہ جائے گا، سیریز میں 1-0 کی کامیابی سے پوائنٹس 110 اور اتنے مارجن سے ناکامی پر 104 ہوجائیں گے،اگر وائٹ واش کی خفت سے دوچار ہونا پڑا تو پھر 102 پوائنٹس باقی رہیں گے، سیریز ڈرا ہونے پر پاکستان کے پوائنٹس 107 رہ جائیں گے جو اس وقت 109 ہیں۔

اسی طرح کھلاڑیوں کے پاس اپنی رینکنگ بہتر بنانے کا موقع بھی موجود ہے، اس وقت پاکستان کے 4 بیٹسمین یونس خان (4)، کپتان مصباح الحق (11)، اظہر علی (13) اور اسد شفیق (18)ٹاپ 20میں موجود ہیں،نیوزی لینڈ کے صرف کین ولیمسن (3) ابتدائی 20 کھلاڑیوںمیں شامل ہیں، ان کے بعد روس ٹیلر کا 21 واں نمبر ہے۔ بولرز میں کیویز کی پوزیشن بہتر اور تین پیسرز نیل ویگنر (11)، ٹرینٹ بولٹ (12) اور ٹم ساؤتھی (17) ٹاپ 20 میں موجود ہیں، پاکستان کے صرف ایک بولر یاسر شاہ (5) اس درجے میں دکھائی دیتے ہیں، ان کے بعد اگلے ہائی رینکڈ پاکستانی بولر وہاب ریاض کا 25 واں نمبر ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں