سیاست عمران خان کے بس کا روگ نہیں وہ کرکٹ کی کوچنگ کریں سعد رفیق

عمران خان اور ان کی جماعت کی قومی ذمہ داری تھی کہ وہ برادر ملک ترکی کے سامنے تقسیم کا پیغام نہ بھیجتے، سعد رفیق


ویب ڈیسک November 17, 2016
عمران خان اور ان کی جماعت کی قومی ذمہ داری تھی کہ وہ برادر ملک ترکی کے سامنے تقسیم کا پیغام نہ بھیجتے، سعد رفیق۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے برادر ملک ترکی کے صدر کے اعزاز میں ہونے والے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کرکے ثابت کردیا کہ سیاست عمران خان کے بس کا روگ نہیں وہ کرکٹ کی کوچنگ ہی کریں تو بہتر ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دیرینہ دوست ملک ترکی کے منتخب صدر رجب طیب اردگان ہمارے ملک میں موجود ہیں اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی ہے لیکن پی ٹی آئی نے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کرکے دنیا کو غلط پیغام دیا، عمران خان اور ان کی جماعت کی قومی ذمہ داری تھی کہ وہ برادر ملک ترکی کے سامنے تقسیم کا پیغام نہ بھیجتے لیکن انہوں نے یہ اقدام اٹھا کر ثابت کردیا کہ سیاست عمران خان کے بس کا روگ نہیں وہ جاکر کرکٹ کی کوچنگ کریں تو بہترہوگا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کا یہ تاثرغلط ہے کہ جوائنٹ سیشن سے نواز شریف کو کوئی فائدہ ہوگا مشترکہ اجلاس سے صرف پاکستان مضبوط ہوگا۔ پی ٹی آئی جواب دے کہ وہ مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کرکے کس دل ٹھنڈا کررہی ہے اور ان کے سربراہ کس کے لئے کام کرر ہے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: تحریک انصاف کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے اسی میں تحریک انصاف کی 34 سیٹیں ہیں، عمران خان کی جانب سے کبھی پارلیمنٹ کو جعلی کہا جاتا ہے اور کبھی اس پارلیمنٹ میں جاکر بیٹھ جاتے ہیں، اس پارلیمنٹ کی تنخواہیں بھی لیتے ہیں اور اعزازیئے میں بھی شریک ہوتے ہیں لیکن پھر اس کی کارروائی میں بھی شریک نہیں ہوتے۔ عمران خان بتائیں کہ وہ پاکستانیوں کےلئے کام کررہے ہیں یا لندن میں مقیم اپنے یہودی رشتہ داروں کے لئے اور کس لابی کو خوش کیا جارہا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بائیکاٹ سے غلط پیغام جائے گا

وفاقی وزیر نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا جوائنٹ سیشن ہوا جس میں عمران خان نے آنے سے انکار کردیا، اس وقت پورے بھارتی میڈیا نے دنیا بھر میں ہماری تضحیک کی اور کہا کہ پاکستانی تو خود ہی کشمیر کے مسئلے پر یکجا نہیں، عمران خان بتائیں کہ کشمیر کاز سے کس کا ذاتی تعلق یا مفاد پنہان ہےاور کشمیر کے مسئلے پر کون سی ذاتی رنجش ہے۔ کشمیر کے مسئلے پر پوری قوم ایک جانب اور عمران خان ایک طرف کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان لوگوں سے معافیاں منگواتے ہیں اور خود معافی بھی نہیں مانگتے اور نا ہی وضاحت دیتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عمران خان کا پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم نہ کرنے اعلان

سپریم کورٹ کی کارروائی کے حوالے سے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہمیں ملک کی اعلیٰ عدلیہ پر پورا اعتماد ہے اور یقین ہے کہ ہم یہاں سے بھی سرخرو ہوکر نکلیں گے جبکہ جلن، حسد اور جھوٹ کا شکار ہمارے مخالفین کا مقدر شکست بنے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں