پنجاب حکومت اور ترکی کے درمیان محکمہ صحت میں اصلاحات کیلیے معاہدہ

معاہدے کے تحت ترک حکومت طیب اردوان اسپتال مظفر گڑھ کورول ماڈل کے طورپر چلائے گی۔


ویب ڈیسک November 17, 2016
معاہدے کے تحت ترک حکومت طیب اردوان اسپتال مظفر گڑھ کورول ماڈل کے طورپر چلائے گی۔ فوٹو؛ اے پی پی

ISLAMABAD: پنجاب حکومت اور ترکی کے درمیان محکمہ صحت میں اصلاحات کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے جس کے بعد سرکاری اسپتالوں میں دربدر ہونے والے عوام کے مسائل میں کمی متوقع ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اپنے دورہ ترکی کے دوران ترکی کے محکمہ صحت میں ہونے والی اصلاحات کا جائزہ لینے کے بعد ترک وزیرصحت اور وزیراعظم بن علی یلدرم سے ملاقات میں پنجاب کے شعبہ صحت میں مثبت اصلاحات کے لیے مدد کی درخواست کی تھی جس پر ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے اپنے وزیر کوہدایت کی کہ پاکستان کے لیے جو بھی ہوسکتا ہے کریں، ترک وزیراعظم کی طرف سے مثبت اشارہ ملنے اور صدر اردوان کے دورے کے شیڈول کو حتمی شکل ملنے کے بعد گزشتہ ہفتے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہیلتھ خواجہ شمائل کی سربراہی میں ایک وفد ترکی گیا تھا جہاں معاہدے کی تفصیلات طے کی گئیں اور لاہور کے شاہی قلعے میں ہونے والی تقریب میں صدر اردوان کی موجودگی میں معاہدے پر بھی کردیئے گئے۔

حکومت پنجاب اور ترک حکومت کے درمیان ہونے والے اس معاہدے کے تحت ترک حکومت طیب اردوان اسپتال مظفر گڑھ کورول ماڈل کے طورپر چلائے گی اورباقی اسپتالوں میں بھی وہی میکنزم لاگو کیا جائے گا۔ معاہدے کے تحت ترک حکومت اسپتال کاانتظام وانصرام ، مریضوں کی دیکھ بھال اور مفت ادویات کی مریضوں کوشفاف طریقے سے فراہمی میں حکومت پنجاب کی مدد کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کاکہنا تھاکہ علاج معالجے کی معیاری سہولتیں ہر شہری کا حق ہے اور حکومت پنجاب اس مقصد کے لیے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے، عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے وسائل کی کمی نہیں ہے، اگر طبی شعبے سے وابستہ افراد اپنے فرائض محنت اور احساس ذمہ داری سے سرانجام دیں اور وسائل کا صحیح استعمال کریں تو مریضوں کو مزید بہتر طبی سہولتیں میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ طبی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اصلاحاتی پروگرام وضع کیا جا رہا ہے اور وہ خود اصلاحاتی پروگرام کی نگرانی کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں