اے این پی کے مرکزی رہنما حاجی عدیل انتقال کر گئے

حاجی عدیل طویل عرصے سے گردے کے عارضے میں مبتلا تھے۔


ویب ڈیسک November 18, 2016
حاجی عدیل ڈپٹی اسپیکر کے پی کے اسمبلی اور سینیٹر بھی رہ چکے ہیں۔ فوٹو: فائل

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما حاجی عدیل طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اے این پی کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر حاجی عدیل پشاور میں انتقال کر گئے۔ خاندانی ذرائع نے حاجی عدیل کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سابق سینیٹر طویل عرصے سے گردے کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ روز انہیں تکلیف کے باعث سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی نماز جنازہ شام 4 بجے جناح پارک پشاور میں ادا کی جائے گی۔

سابق صدر آصف علی زداری، چیرمین سینیٹ رضا ربانی، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، وفاقی وزیر کامران مائیکل اور سابق گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی نے حاجی عدیل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ان کی مغفرت کے لئے دعا کی ہے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حاجی عدیل کی طویل سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جب کہ وفاقی وزیر کامران مائیکل کا کہنا تھا کہ حاجی عدیل مرحوم ایک سچے اور محب وطن سیاستدان تھے۔

سردار مہتاب عباسی نے کہا کہ حاجی عدیل آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے کوشاں رہے۔ اس کے علاوہ قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں بھی جہانگیر بدر اور حاجی عدیل کے ایثال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

واضح رہے کہ حاجی عدیل1997 سے 1999 تک ڈپٹی اسکیپر خیبر پختونخوا اسمبلی رہے جب کہ 2009 سے مارچ 2015 تک سینیٹر بھی رہے۔ حاجی عدیل سینیٹ میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر بھی رہے، اس کے علاوہ حاجی عدیل تقریباً ڈیڑھ سال تک اے این پی کے قائم مقام صدر بھی رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں