بیرونی سرمایہ کاری پر منافع کی منتقلی میں30کروڑ ڈالر کا اضافہ

ایف ڈی آئی78کروڑ،پورٹ فولیوانویسٹمنٹ پر28کروڑ ڈالرکاپرافٹ باہر گیا


Business Reporter July 26, 2012
ایف ڈی آئی78کروڑ،پورٹ فولیوانویسٹمنٹ پر 28 کروڑ ڈالرکا پرافٹ باہر گیا فائل فوٹو

معاشی سست روی کے باوجود گزشتہ مالی سال کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے ایک ارب ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2011-12کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے ملنے والے منافع کی منتقلی میں 40فیصد اضافہ ہوا، مالی سال 2010-11کے دوران 75کروڑ83 لاکھ ڈالر منافع کی منتقلی کے مقابلے میں گزشتہ مالی سال کے دوران 1.061 ارب ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا گیا،

ایک سال کے دوران منافع کی منتقلی 30کروڑ30لاکھ ڈالر بڑھ گئی۔ ماہرین کے مطابق مالی سال 2010-11کے مقابلے میں مالی سال 2011-12 کے دوران پاکستان کی معیشت میں بہتری کے آثار رہے جس سے غیرملکی کمپنیوں کے منافع میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت میں کمی کے باوجود منتقل کردہ منافع میں 80فیصد منافع براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل کیا گیا، مالی سال 2011-12 کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 1.63 ارب ڈالر سے کم ہوکر 81کروڑ26 لاکھ ڈالر رہی تاہم براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل شدہ منافع کی بیرون ملک منتقلی 36 فیصد اضافے زائد رہی،

براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے 78 کروڑ3لاکھ ڈالرکا منافع بیرون ملک منتقل کیا گیا، مالی سال 2010-11کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے منتقل کردہ منافع کی مالیت 57 کروڑ 43 لاکھ ڈالر رہی تھی، اسی طرح پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے حاصل شدہ منافع کی منتقلی 28 کروڑ10لاکھ ڈالر رہی رہی جو مالی سال 2010-11میں 18کروڑ40لاکھ ڈالر رہی تھی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق خوراک کے شعبے سے منافع کی منتقلی 16.1 فیصد کے اضافے سے 7.6کروڑڈالر، فوڈ پیکیجنگ 15.2فیصد بڑھ کر47لاکھ ڈالر، ٹیکسٹائلز 104 فیصد اضافے سے 34 لاکھ ڈالر،ربراینڈ ربر پراڈکٹس 77.6فیصد کے اضافے سے 39 لاکھ ڈالر، کیمیکلز 1.8 فیصد بڑھ کر4کروڑ55لاکھ ڈالر، پٹرولیم ریفائننگ 313.5 فیصد اضافے سے 10 کروڑ99لاکھ ڈالر، فرٹیلائزر 201.5 فیصد بڑھ کر 1کروڑ76لاکھ ڈالر، سیمنٹ 5.3 فیصد اضافے سے 61لاکھ ڈالر،

تعمیرات 116.4فیصد اضافے سے 13 لاکھ ڈالر، ٹرانسپورٹ 61.6فیصد اضافے سے 11کروڑ 45 لاکھ ڈالر، اسٹوریج سہولتوں سے 184.6 فیصد بڑھ کر 1 کروڑ37 لاکھ ڈالر، پوسٹل وکوریئر سروسز 35.6 فیصد اضافے سے12لاکھ ڈالر، مالیاتی خدمات47.7فیصد اضافے سے 24 کروڑ 76 لاکھ ڈالر، بجلی کے شعبے سے 35.9 فیصد اضافے سے 14 کروڑ 32 لاکھ ڈالر اور دیگر شعبوں سے منافع کی بیرون ملک منتقلی 16 فیصد بڑھ کر 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی تاہم ٹوبیکو، پیپر اینڈ پلپ، چمڑے وچمڑے کی مصنوعات،آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، دھاتی مصنوعات، ٹرانسپورٹ آلات (آٹوموبائلز)، تجارت اور کمیونی کیشنز کے شعبوں میں منافع کی بیرون ملک منتقلی میں کمی ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں