ای شاپنگ رواں سال 25 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کی امید

بلیک فرائیڈے سیل کے انتظامات کرلیے، 70 فیصد سے زائد رعایت دینگے، سی سی او دراز


Business Reporter November 19, 2016
گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی بلیک فرائے ڈے سیل کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں پاکستان کے بڑے بینک بھی شامل ہیں۔ فوٹو: فائل

ملک میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں تیز رفتار اضافے کی وجہ سے آن لائن خریدوفروخت (ای کامرس) کا رجحان تیزی سے فروغ پارہا ہے، رواں سال کے دوران ای کامرس انڈسٹری کا حجم 250ملین ڈالر تک پہنچ جائے گا۔

ای کامرس کمپنی ''دراز ڈاٹ پی کے'' کے چیف کمرشل آفیسرشہزاد انور نے ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں بتایا کہ سال 2012 سے 2014تک پاکستان میں ای کامرس انڈسٹری کا حجم 10سے 20ملین ڈالر تھا جو گزشتہ سال بڑھ کر 100ملین ڈالر تک پہنچ گیا تاہم ملک میں تھری جی اور فورجی ٹیکنالوجی کے فروغ اور اسمارٹ فونز کے استعمال میں اضافے کی وجہ سے ای کامرس انڈسٹری کے حجم میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور رواں سال 200سے 250ملین ڈالر کی اشیا کی ای کامرس کے ذریعے خریدوفروخت کا امکان ہے۔

چیف کمرشل آفیسرشہزاد انور نے کہا کہ ملک میں لاجسٹکس اور روڈ نیٹ ورک کی صورتحال بھی ای کامرس کے فروغ کے لیے معاون ہے، ای کامرس انڈسٹری کی ترقی سے ملک میں انٹرپرنیورشپ کو بھی فروغ مل رہا ہے جبکہ صارفین کو گھر بیٹھے مطلوبہ اشیا منگوانے کی سہولت مل رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ای کامرس کا دائرہ کار اب ملک کے چند بڑے شہروں تک ہی محدود نہیں رہا، اس وقت ای کامرس انڈسٹری کے ریونیو میں کراچی لاہور اور اسلام آباد کا حصہ 50فیصد ہے جبکہ باقی ریونیو ملک کے دیگر 15 شہروں سے مل رہا ہے، ای کامرس کا فائدہ دور دراز علاقوں کی آبادی کو بھی مل رہا ہے جہاں اعلیٰ معیار کی مصنوعات یا برانڈڈ اشیا دستیاب نہیں ہیں۔

شہزاد انور نے بتایا کہ سال کے مختلف دنوں میں ویب سائٹس پر خصوصی آفرز متعارف کرائی جاتی ہیں گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی بلیک فرائے ڈے سیل کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں پاکستان کے بڑے بینک بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ''دراز ڈاٹ پی کے'' پر ہونے والی بلیک فرائے ڈے کی ریکارڈ سیل کو مدنظر رکھتے ہوئے رواں ماہ ہونے والی بلیک فرائے ڈے سیل 2016کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، اس سال خریداروں کو 70 فیصد سے زائد تک ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا، بلیک فرائے ڈے سیل کی آفرز ملک میں 70ملین صارفین تک پہنچائی جائیگی اس سال بلیک فرائے ڈے پر فروخت کے آرڈرز گزشتہ سال کے مقابلے میں 3 سے 4 گنا تک زائد رہنے کی توقع ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں