بیٹنگ کی ناکامی اظہر نے ملبہ پچ پر موجود گھاس اور نمی پر ڈال دیا

کولن نے درست لائن اور لینتھ پر گیندیں کرتے ہوئے حربے ناکام بنا دیے، اوپنر

بولنگ پرحیران ہوں، وکٹوں سے زیادہ ٹیم کیلیے رنز بنانے کا سوچ رہا تھا، آل راؤنڈر۔ فوٹو: فائل

اظہر علی نے بیٹنگ کی ناکامی کا ملبہ پچ پر موجود گھاس اور نمی پر ڈال دیا،پاکستان اوپنر نے کہاکہ اس نوعیت کی وکٹ پرکم رفتار پیسر کو بھی بڑی مدد ملتی ہے، ہم کنڈیشنز سے آگاہ تھے لیکن کولن ڈی گرینڈ ہوم کا دن تھا، انھوں نے درست لائن اور لینتھ پر گیندیں کرتے ہوئے ہمارے تمام حربے ناکام بنا دیے، دوسری جانب اپنی کارکردگی پر خود بھی حیران کیوی آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ وکٹوں سے زیادہ ٹیم کیلیے رنز بنانے کا سوچ رہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ میں بیشتر پاکستانی بیٹسمین باہر جاتی گیندوں سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اپنی وکٹیں قربان کرتے رہے، دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اوپنر اظہر علی نے کہا کہ پچ پر گھاس اور نمی تھی، اس نوعیت کی وکٹ پرکم رفتار پیسر کو بھی بڑی مدد مل جاتی ہے،ہم یہ جانتے اور کنڈیشنز سے آگاہ تھے لیکن آج کولن ڈی گرینڈ ہوم کا دن تھا، انھوں نے کیریئر کے پہلے ہی میچ میں درست لائن اور لینتھ پر گیندیں کرتے ہوئے ہمارے تمام حربے ناکام بنا دیے۔

پیسر نے اسپیڈ سے زیادہ سوئنگ پر توجہ دی،انھیں شاندار کارکردگی کا کریڈٹ دینا چاہیے، انھوں نے کہا کہ ہمارے بولرز ابتدائی تینوں وکٹیں حاصل کرنے کے بعد درست لینتھ پر گیندیں نہیں کرسکے، البتہ پچ میں اب بھی بولرز کیلیے بڑی مدد موجود ہے، درست لینتھ اپنائی تو کیویزکی وکٹیں جلد اڑاکر خسارے کو کم کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب کولن ڈی گرینڈ ہوم بھی بولنگ میں اتنی بڑی کامیابی کی توقع نہیںکررہے تھے۔


آل راؤنڈر نے کہاکہ میں بولنگ پر بھی توجہ دیتا ہوں لیکن پاکستان کیخلاف وکٹوں سے زیادہ ٹیم کیلیے رنز بنانے کا سوچ رہا تھا، انھوں نے کہا کہ میں نے پلان کے مطابق درست لائن پر گیند کرنے کی کوشش کی، بیٹسمین غلطی کرتے اور وکٹیں دیتے رہے،اپنی کارکردگی پر مسرور ہوں۔

یاد رہے کہ انڈر 19کرکٹ میں زمبابوے کی جانب سے ڈیبیو کے بعد نیوزی لینڈ منتقل ہونے والے کولن ڈی گرینڈ ہوم نے اس سے قبل 2012میں آبائی ملک کیخلاف ڈیبیو کرنے کے بعد 3ٹوئنٹی 20میچز کھیلے ہیں، پہلے میں انھیں ایک بھی گیند کھیلنے کا موقع نہیں ملا، دیگر میں انھوں نے صرف 13رنز بنائے ہیں،واحد ون ڈے میچ میں کولن نے جنوبی افریقہ کیخلاف 36رنز بنائے اور ایک اوور میں 9رنز دیے تھے۔

 
Load Next Story