LONDON:
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ڈرائنگ روم کی سیاست کرنے والوں کو گلی محلے کی سوچ کا پتہ نہیں ۔
ہری پور میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ میڈیا پر آکر ایسی بات کرتے ہیں جیسے ساری سیاست ان ہی کو آتی ہے۔ پیپلز پارٹی نے مفاہمت کی پالیسی کے تحت اپنی آئینی مدت پوری کی یہ کوئی معمولی بات نہیں۔ الزام تراشی اور ڈرائنگ روم کی سیاست کرنے والے ایشوز کی سیاست کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ذوالفقارعلی بھٹو نے پاکستان کے عوام کو ووٹ کا حق دیا۔ ذوالفقار علی بھٹو کو ایسے مقدمے میں پھانسی دی گئی جس سے مقدمے کے جج ہی مطمئن نہیں تھے۔ جب بے نظیر بھٹو نے اپنے والد کی سوچ کی بات کی انہیں شہید کردیا گیا اور اب صدر آصف زرداری ان کی سوچ کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں ہے کیوں کہ پیپلز پارٹی اقتدار کی بھوکی نہیں اس کا نغمہ ملک سے محبت ہے۔ اصغر خان کیس کے فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ ماضی میں پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ چرایا گیا۔ ان تمام سازشوں کے باوجود کراچی سے خیبر تک صرف پیپلز پارٹی ہی وفاقی جماعت ہے۔