اسپیکر بلوچستان اسمبلی اسلم بھوتانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش

صوبائی وزیر عین اللہ شمس نے اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرراداد پیش کی۔


ویب ڈیسک December 19, 2012
اسلم بھوتانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لئے کم از کم 33 ارکان کی حمایت درکار ہے۔ فوٹو: آن لائن/ فائل

KARACHI: بلوچستان اسمبلی میں اسپیکر اسلم بھوتانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی گئی ۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر آغا مطیع اللہ جان کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر عین اللہ شمس نے اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرراداد پیش کی، جس کے بعد اجلاس جمعہ تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ تحریک عدم اعتماد پر مزید کارروائی 26 دسمبر کو ہوگی۔

دوسری جانب اسپیکر بلوچستان اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسمبلی اجلاس کے حوالے سے اپنے پرانے مؤقف پر قائم ہیں اور آئین کی بالادستی اور عدالت کے فیصلوں کا احترام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنا عہدہ بچانے کے لئے غیر قانونی اقدامات نہیں کرسکتے۔

اجلاس سے قبل وزیر اعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کی زیر صدارت حکومت میں شامل جماعتوں کے ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر اسلم بھوتانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں شامل 22 ارکان اسمبلی نے اسلم بھوتانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی حمایت جبکہ 10 ارکان نے اس کی مخالفت کی تھی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بلوچستان بدامنی کیس کے فیصلے کے بعد صوبائی اسمبلی کے اسپیکر اسلم بھوتانی نے موجودہ حکومت کی آئینی حیثیت کے تعین پر گورنر سے رائے طلب کرتے ہوئے اسمبلی کے اجلاسوں کی صدارت سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر آغا مطیع اللہ اجلاسوں کی صدارت کررہے ہیں۔ اسلم بھوتانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لئے کم از کم 33 ارکان کی حمایت درکار ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں