50 اوورز میں 80 رنز پاکستان نے سست بیٹنگ کی نئی مثال قائم کردی

سلو اسٹرائیک ریٹ کا منفی ریکارڈ173بالزپر31رنز بنانے والے اظہر علی کے نام


Sports Desk November 20, 2016
وکٹوں کی تیز ترین سنچری مکمل کرنے والے کیوی بولرزمیں ویگنر کا دوسرا نمبر۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD: کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں پاکستان نے سست بیٹنگ کی نئی مثال قائم کردی،50اوورز میں صرف 80رنز بنائے،اس سے قبل ٹیم نے گذشتہ 15برس میں اتنے اوورز میں کم ترین اسکور83 سری لنکا کیخلاف بنایا تھا، نیل ویگنر وکٹوں کی تیز ترین سنچری مکمل کرنے والے کیوی بولرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے۔

تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم انتہائی سست روی کے باوجود سنبھلنے میں ناکام رہی،گرین کیپس نے 50اوورز میں صرف 80رنز بنائے، گذشتہ 15سال میں اس سے قبل 2011میں سری لنکا کیخلاف اتنے ہی اوورز میں 83رنز بن پائے تھے، مجموعی طور پر یہ کسی بھی ٹیم کی جانب سے 50اوورز میں چھٹا کم ترین اسکور ہے۔

اظہر علی نے173گیندوں پر صرف 31 رنز اسکور کیے، 100سے زائد گیندیں کھیلنے والے اوپنرز میں سست ترین اسٹرائیک ریٹ 17.91 کا منفی ریکارڈ ان کے نام پر درج ہوگیا، نیوزی لینڈ میں 14سال بعد پہلی اننگز میں دونوں ٹیموں کا ٹوٹل ملا کر بھی333 سے کم رہا،کم ترین مجموعے کا ریکارڈ 2002 میں قائم ہوا تھا جب بھارت 99جبکہ میزبان ٹیم 94پر ڈھیر ہوگئی تھی،2010میں دورئہ انگلینڈ کے بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی دونوں اننگز میں سنچری مکمل ہونے سے قبل ہی 5بیٹسمین پویلین لوٹ چکے تھے۔

اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے آلودہ اس ٹور میں گرین کیپس نے تینوں ٹیسٹ میچز کی اننگز میں اسی نوعیت کا خراب آغاز کیا تھا،یونس خان نے کسی ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں کم ترین اسکور3بنایا،اس سے قبل 2002میں آسٹریلیا اور 2014 میں کیویزکیخلاف میچ میں 5رنز ہی جوڑ پائے تھے،کسی بھی نمبر 4پاکستانی بیٹسمین کا دونوں اننگز میں کم سے کم مجموعی اسکور صفر ہے جو جاوید برکی نے ویلنگٹن میں 1964میں بنایا تھا۔

دریں اثنا نیل ویگنر وکٹوں کی تیز ترین سنچری بنانے والے کیوی بولرز میں دوسرے نمبر پر آگئے، انھوں نے26ویں ٹیسٹ میں یہ سنگ میل عبور کیا،رچرڈ ہیڈلی نے25ٹیسٹ میں 100وکٹیں پوری کرلی تھیں، نیل ویگنر یہ کارنامہ انجام دینے والے14ویں کیوی بولر ہیں، محمد عامر نے کم بیک کے 13ماہ میں بہترین بولنگ کرتے ہوئے 43رنز کے عوض 3شکار کیے، نیوزی لینڈ کیخلاف 7اننگز میں انھوں نے پہلی بار 3وکٹیں حاصل کی ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں