امجد صابری قتل کیس ملزم عاصم کیپری اور اسحاق کا ریمانڈ دیدیا گیا

ملزمان سے مجلس میں5 افراداورتیموریہ میں 3 افراد کے قتل کی بھی تفتیش کی جائے گی


Staff Reporter November 20, 2016
خصوصی عدالتوں نے ملزمان کو 22 نومبر تک پولیس کے حوالے کردیا۔ فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے منتظم جج نے معروف قوال امجد صابری سمیت 9 افراد کے قتل کے مقدمات میں گرفتار کالعدم لشکر جھنگوی کے2 خطرناک ملزمان محمد اسحاق عرف بوبی عرف حسین اور عاصم عرف احمد عرف کیپری عرف مصطفی کو22 نومبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات میں دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا اور تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ لیاقت آباد کے ڈی اے کمپاؤنڈ کے قریب 22 جون کے دن دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے امجد صابری کو قتل جبکہ مریم کو زخمی کیا تھا جس کے بعد شریف آباد پولیس نے عظمت فرید صابری کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی۔

سی ٹی ڈی پولیس نے دھماکا خیزمواد اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمات میں ملزمان محمد اسحاق عرف بوبی اور عاصم عرف کیپری کو گرفتار کیا دوران تفتیش دونوں ملزمان نے امجد صابری کے قتل کا اعتراف کیا ہے لہٰذا ملزمان سے اس سلسلے میں مزید تفتیش کرنی ہے۔

پولیس نے تھانہ ناظم آباد کی حدود میں 5 افراد کو قتل جبکہ خواتین سمیت 5 افراد کو زخمی کرنے کا مقدمہ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ناظم آباد کے علاقے بلاک ڈی میں 29 اکتوبر کو دہشت گردوں نے مجلس کے شرکا پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں محمد ذکی خان، سید ناصر زیدی، ندیم خان، باقر عباس زیدی اور نیر عباس زیدی جاں بحق جبکہ کنیز فاطمہ، شبانہ، طاہر عباس،اسد رضوی اور مرتضی علی زخمی ہو گئے تھے لہٰذا گرفتار ملزمان محمد اسحاق عرف بوبی اور عاصم عرف کیپری کی مقدمے میں گرفتاری ڈالی ہے، ملزمان سے تفتیش کرنی ہے۔

پولیس نے تھانہ تیموریہ کے علاقے میں قتل ہونے والے 3 افراد کا مقدمہ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ تیموریہ بفرزون میں 8 اپریل کے دن دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے شاہد حسین، علی سجاد اور محمد ہاشم رضوی کو قتل کیا جس کے بعد پولیس نے سید امیر حسین کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تاہم عدم شواہد کی بنا پر مقدمہ بند کردیا گیا تھا لہٰذا سی ٹی ڈی کے ہاتھوں پکڑے جانے والے 2 ملزمان اسحاق عرف بوبی اور عاصم عرف کیپری کے انکشافات اور اعتراف کے بعد گرفتاری ڈالی ہے لہٰذا ملزمان سے تفتیش کے لیے انھیں ان مقدمات میں بھی پولیس کے حوالے کیا جائے۔

عدالت نے مقدمات میں گرفتار ملزمان کو 22 نومبرتک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے واضح رہے کہ پولیس نے18 نومبر کو عدالت سے مذکورہ ملزمان کو 12 افراد کے قتل کے مقدمات میں ریمانڈ حاصل کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں