بھارت میں ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 120 سے تجاوزکرگئی

ٹرین حادثے میں 200 کے قریب افراد زخمی ہوئے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے


ویب ڈیسک November 20, 2016
بھارتی شہر کانپور سے کچھ دور پٹنہ اندور ایکسپریس کی 14 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ فوٹو: رائٹرز

بھارتی ریاست اتر پردیش میں ٹرین کی ایک درجن سے زائد بوگیاں پٹڑی سے اترنے سے ہلاکتوں کی تعداد 120 سے تجاوز کر گئی جب کہ 200 کے قریب افراد زخمی ہیں۔





بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پٹنہ اندور ایکسپریس کی 14 بوگیاں ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور سے 100 کلو میٹر دور پورکھیاں میں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 120 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 200 کے قریب افراد زخمی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ رات 3 بجے کےقریب پیش آیا جب زیادہ تر مسافر سو رہے تھے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔





بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر اپنی ٹویٹ میں حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری تمام تر ہمدردیاں حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔









دوسری جانب بھارتی وزیر ریلوے سریش پرابھو نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے جب کہ حادثے کے متاثرین کی مالی مدد بھی کی جائے گی۔ بھارتی ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں ٹرین کی 2 کوچز میں ہوئیں۔



تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں