جنوبی افریقا سے شکست کے بعد آسٹریلوی ٹیم سے 5 کھلاڑیوں کی چھٹی

کرکٹ آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کیلئے 4 نئے کھلاڑیوں کو بھی 12 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے


ویب ڈیسک November 20, 2016
ہوبارٹ ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 80 رنز سے شکست دی تھی۔ فوٹو: انٹرنیٹ

آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں شکست کے بعد ٹیم میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے تیسرے ٹیسٹ کے لئے 4 نئے کھلاڑیوں سمیت 6 کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کے ہاتھوں 2 ٹیسٹ میچوں میں شکست کے بعد آسٹریلین کرکٹ حکام نے ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے لئے 4 نئے کھلاڑیوں میتھیو رینزشا، پیٹر ہینڈز کوم، نک میڈنسن چیڈ سائرز کو 12 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ وکٹ کیپر میتھیو ویڈ اور فاسٹ بولر جیکسن برڈ کو بھی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے ہوبارٹ ٹیسٹ میں شکست خوردہ ٹیم کا حصہ رہنے والے کلم فرگوسن، وکٹ کیپر پیٹر نیول اور فاسٹ بولر جوئے مینی کو ڈراپ کر دیا گیا ہے جب کہ اوپنر جوئے برنس اور حال ہی میں سر پر گیند لگنے کی وجہ سے زخمی ہونے والے بلے باز ایڈم ووگس کو بھی ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ جنوبی افریقا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کے صرف 6 کھلاڑی ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں جن میں کپتان اسٹیون اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر، مڈل آرڈر بلے باز عثمان خواجہ، فاسٹ بولرز مچل اسٹارک و جوش ہیزل ووڈ اور اسپنر نیتھن لیون شامل ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے کامن ویلتھ ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 80 رنز سے شکست دے دی تھی جس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کے چیف سلیکٹرز نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جب کہ سابق آسٹریلین کرکٹرز کی جانب سے بھی ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے لئے شدید دباؤ کا سامنا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں