فٹ پاتھوں اور سڑکوں سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم

کے ایم سی کو ہدایت کی گئی ہے کہ سڑکوں سے تجاوزات اور کیبنزکو ختم کرنے کیلیے بھرپور اور موثر مہم چلائی جائے۔


Staff Reporter December 19, 2012
فٹ پاتھوں پر قائم کیبنوں کے خلاف باقاعدہ مہم چلائی جائے،سندھ ہائی کورٹ۔ فوٹو: فائل

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس مقبول باقرکی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے 3 ہفتے میں شہر کی فٹ پاتھوں پر رکھے گئے کیبن اور سڑکوں سے تجاوات ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے کے ایم سی کو ہدایت کی ہے کہ سڑکوں سے تجاوزات اور کیبنزکو ختم کرنے کیلیے بھرپور اور موثر مہم چلائی جائے، فاضل بینچ نے ہدایت کی کہ غیرقانونی کیبنوں کے خلاف عبدالحکیم روڈ فریئرمارکیٹ سے کارروائی کا آغاز کیا جائے اور 3 ہفتے میں ممبرانسپکشن ٹیم کے ذریعے رپورٹ پیش کی جائے، فاضل بینچ نے یہ ہدایات مقیم اور محمد یامین کی جانب سے دائر درخواست نمٹاتے ہوئے جاری کیں،اس موقع پر کے ایم سی کے وکیل سلطان احمد نے عدالت کو بتایا کہ اکثر سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر لوگوں نے تجاوزات اور غیر قانونی کیبن قائم کرلیے ہیں ۔

2

کے ایم سی کونسل ان کے خاتمے کے لیے قرارداد بھی منظور کرچکی ہے، عدالت نے ہدایت کی کہ ان کیبنوں کے خلاف باقاعدہ مہم چلائی جائے، درخواست گزاروں کاموقف تھا کہ عبدالحکیم روڈ پرفریئر مارکیٹ کے نزدیک عارضی دکانیں اور کیبن تعمیر کیے تھے،ان میں مرغی اور دیگر اشیا فروخت کی جاتی ہیں۔

یونین کونسل کے ناظم کے ذریعے 2004میں اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے شہری حکومت کو درخواست دی تھی تاکہ مذکورہ دکانوں کاکرایہ باقاعدگی سے ادا کیا جاسکے مگر درخواستوں پر تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا،کے ایم سی کو اجازت نامہ جاری کرنے کا حکم دیا جائے، کے ایم سی کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزاروں کی تعمیر کردہ دکانیں اور کیبن غیر قانونی ہیں اس لیے اجازت نامہ جاری نہیں کیا جا سکتا، اسی طرح شہر کے مختلف مقامات پر ایسے کیبن تعمیر کرلیے گئے ہیں، عدالت نے تجاوزات کے فوری خاتمے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹادی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں