محکمہ تعلیم میں میرٹ کا قتل عام کیا جا رہا ہے جماعت اسلامی

19 ہزار اساتذہ کی نئی بھرتیاں سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی جائیں

سیاسی اور رشوت کی بنیاد پر اساتذہ کے تقرر نامے جاری نہ کیے جائیں، شیخ شوکت

جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے امیر شیخ شوکت علی نے صوبائی وزیر تعلیم کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ملک میں تعلیم کی سب سے خراب صورتحال سندھ میں ہے۔

موجودہ دور میں منظور نظر لوگوں کو بطور اساتذہ بھرتیاں کر کے میرٹ کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ ایسے لو گ بطور اساتذہ بھرتی کیے گئے ہیں، جنہیں خود تعلیم کی شدید ضرورت تھی، سیاسی اور رشوت کی بنیاد پر اساتذہ کے تقرر نامے جاری کیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ منسٹر کوٹہ، پی پی، ایم کیو ایم کوٹہ، افسران کا کوٹہ، شہری و دیہی کوٹہ سمیت ہر قسم کا کوٹہ سسٹم رائج ہے۔




انھوں نے کہا کہ 19 ہزار اساتذہ کی نئی بھرتیوں کے لیے اوپن میرٹ کاطریقہ اختیارنہیں کیا گیا ہے، ان بھرتیوں کو بھی بندر بانٹ کرنے کیلیے یونین کونسل میں خالی اسامیوں سے مشروط کیا گیا ہے، جہاں اسامیاں پیدا کرنا ہوں گی، وہاں تبادلے کر دیے جائیں گے اور منظور نظر لوگوں کو نوازا جائے گا۔ وزیر تعلیم اپنے محکمے میں اپنے ماتحت ہونیوالے جعلی کاموں سے بری الذمہ نہیں ہیں، نہ انہیں میرٹ کی خلاف ورزی کر کے زبانی میرٹ کا رٹا نہیں لگانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ کو یوسی سطح کے بجائے سندھ ڈومیسائل کی بنیاد پر 19 ہزار اساتذہ کی نئی بھرتیوں کیلیے سندھ پبلک سروس کمیشن کا راستہ اختیارکرنا چاہیے۔
Load Next Story