شہبازشریف کا بغیر پروٹوکول ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ننکانہ صاحب کا دورہ

شہباز شریف نے مریضوں کی عیادت کی جب کہ علاج معالجہ کی سہولتوں اورمفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔


ویب ڈیسک November 21, 2016
شہباز شریف نے مریضوں کی عیادت کی جب کہ علاج معالجہ کی سہولتوں اورمفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ فوٹو؛ اے پی پی

ISLAMABAD: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے آج بغیر کسی پروٹوکول اور اطلاع ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ننکانہ صاحب کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے آج بغیر کسی پروٹوکول اور اطلاع ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ننکانہ صاحب پہنچے جہاں ڈی سی اوننکانہ سمیت ضلعی انتظامیہ بھی وزیراعلیٰ کے اچانک دورے سے لاعلم رہے۔ وزیراعلیٰ نے اسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی اور ڈائلیسز یونٹ کا معائنہ کیا۔ شہبازشریف نے وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اوران سے اسپتال میں علاج معالجہ کی سہولتوں اورمفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔

وزیراعلیٰ نے ڈائلیسز یونٹ میں زیر علاج مریضوں سے فرداً فرداً ڈائلیسز کے حوالے سے علاج و معالجے کی سہولتوں کے بارے میں بھی پوچھا۔ شہبازشریف نے اسپتال کی بعض جگہوں پر صفائی معیار کے مطابق نہ ہونے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کی سرزنش کی اور ایم ایس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں عوام کا تو خادم ہوں اوران کے لیے سب کچھ کررہا ہوں اور عوام کے لیے میری جان بھی حاضر ہے لیکن میں آپ کا ملازم نہیں ہوں کہ آپ کے کام بھی میں ہی کروں، آپ کی یہ روش درست نہیں اورآئندہ ایسے انداز سے معاملات نہیں چلیں گے۔

شہباز شریف نے اسپتال کے کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے نہ لگانے پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسپتال ویسٹ سے بیماریاں پھیلتی ہیں لہٰذا اسے مناسب انداز سے تلف کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے مریضوں اوران کے لواحقین نے اسپتال میں علاج معالجہ کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہا کیا اور ان کا کہنا تھا کہ جب سے آپ نے اسپتالوں کے دورے شروع کیے ہیں اس اسپتال میں بھی بہت بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اورپیرا میڈیکل سٹاف کا رویہ اچھا ہے اورادویات بھی ملتی ہیں، وزیراعلیٰ نے اسپتال میں ادویات کے سٹور کا بھی معائنہ کیا اوروہاں پر ادویات کو محفوظ رکھنے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔

شہبازشریف نے ادویات کے ریکارڈ کا اسٹاک رجسٹرڈ چیک کیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مریضوں کو تسلی بخش علاج مہیا نہیں ہوجاتا میں اسپتالوں کے دورے کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اطمینان ہی میری کامیابی ہے اور جب کوئی مریض کہتا ہے کہ میرا علاج ٹھیک ہورہا ہے تو میرا خون بڑھ جاتا ہے، میں نے اسپتالوں کی صورتحال بدلنے کا تہیہ کرلیا ہے اور اس مقصد کے لیے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے۔

وزیراعلیٰ نے اسپتال میں موجود ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت بڑی عبادت ہے اورآپ کواحساس ذمہ داری سے اپنے فرائض ادا کرتے ہوئے دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے اور آپ نے اللہ تعالیٰ کو بھی جواب دینا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔