ٹوئنٹی 20 رینکنگ پاکستان کو پوزیشن بہتر بنانے کا موقع مل گیا

بھارت کیخلاف سیریز میں کلین سوئپ پانچویں نمبر پر پہنچادے گا، بلو شرٹس کے پاس بھی ٹاپ ٹیم بننے کا چانس موجود

بھارتی ٹیم تمام چاروں میچز جیت لیتی ہے تو پہلی مرتبہ ٹاپ رینک بننے کا اعزاز حاصل کرلے گی۔ فوٹو: فائل

ٹوئنٹی20 ورلڈ رینکنگ میں پاکستان کو بھی پوزیشن بہتر بنانے کا موقع میسر آگیا۔

روایتی حریف بھارت کیخلاف کلین سوئپ چھٹے سے پانچویں نمبر پر پہنچا دے گا، بلوشرٹس کے پاس بھی مختصر ترین فارمیٹ میں دنیا کی ٹاپ ٹیم بننے کا گولڈن چانس موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت جمعرات سے انگلینڈ کے خلاف دو ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز کا آغاز کررہا ہے،اس کے بعد اسے 25 دسمبر سے پاکستان کے خلاف بھی اس فارمیٹ کے دو میچز کھیلنے ہیں، اس وقت بھارتی ٹیم عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر فائز ہے، اگرکھلاڑی اپنی سرزمین پر بہتر پرفارمنس پیش کرتے ہوئے تمام چاروں میچز جیت لیتے ہیں تو ٹیم پہلی مرتبہ ٹاپ رینک بننے کا اعزاز حاصل کرلے گی۔

البتہ اگر چار مقابلوں میں سے ایک میں بھی شکست ہوئی تب پھر زیادہ سے زیادہ دوسری پوزیشن ملے گی۔ بھارتی سائیڈ کا اگرانگلش ٹیم کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی طرح قسمت نے ساتھ نہیں دیا اور وہ چاروں میچز ہار گئی تو یکدم تیسرے سے ساتویں نمبر جبکہ انگلینڈ اور پاکستان ایک ایک درجہ ترقی کے ساتھ تیسری اور پانچویں پوزیشن سنبھال لیں گے۔ جمعے سے جنوبی افریقہ کو بھی نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز کا آغاز کرنا ہے، اس میں کلین سوئپ اس کو بھی پانچویں سے دوسرے نمبر تک پہنچا دے گا، مگر اس کیلیے اسے بھارت کے انگلینڈ اور پاکستان کے خلاف میچز کے نتائج پر انحصار کرنا پڑے گا۔




اس وقت دنیا کی ٹاپ ٹی 20 رینک ٹیم سری لنکا جبکہ دوسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز موجود ہے، آسٹریلیا ساتویں، نیوزی لینڈ آٹھویں، بنگلہ دیش نویں اور آئرلینڈ دسویں نمبر پر ہے۔ ٹوئنٹی 20 میں اگلے10 دنوں کے دوران شیڈول معرکوں میں نمبر ون بیٹسمین برینڈن میک کولم اور نمبرون بولر سعید اجمل کے پاس اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کا موقع موجود ہوگا۔

پاکستانی اسٹار آف اسپنر کیلیے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ دوسرے نمبر پر موجود گریم سوان بھارت کے خلاف سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم کا حصہ نہیں، فی الحال سعید اجمل کی پوزیشن کو کوئی خطرہ دکھائی نہیں دیتا۔ ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں پاکستان کے واحد کھلاڑی عمر اکمل 17 ویں نمبر پر ہیں جبکہ بولرز میں سعیدکے ساتھ شاہد آفریدی (8) اور محمد حفیظ (9) ٹاپ ٹین میں موجود ہیں، پاکستان کے ٹی 20 قائد حفیظ آل رائونڈرز میں دوسرے نمبر پر ہیں، ٹاپ پر شین واٹسن اور آفریدی کا پانچواں نمبر ہے۔
Load Next Story