پی ایس بی کا نیشنل گیمز کیلئے سامان دینے سے انکار

بھیک مانگ کر سڑکوں پر بھی مقابلوں کا انعقاد کرنا پڑے تو ضرور کریں گے،عارف حسن

اسنوکر چیمپئن آصف کیلیے شاندار کارکردگی پر 2 لاکھ روپے کا چیک۔ فوٹو فائل

PORT-AU-PRINCE:
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے نیشنل گیمز کیلیے سامان دینے سے انکار کر دیا، صدر پی او اے جنرل(ر) عارف حسن کا کہنا ہے کہ بھیک مانگ کر سڑکوں پر بھی مقابلوں کا انعقاد کرنا پڑا تو ضرور کریں گے۔

وہ گزشتہ روز اولمپک ہائوس لاہور میں ورلڈ اسنوکر چیمپئن محمد آصف کے اعزاز میں ظہرانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے، اس موقع پر پنجاب اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ادریس حیدر خواجہ، والی بال، بیس بال، باکسنگ، جوجسٹو،ریسلنگ، کراٹے، تائیکوانڈو اور اسنوکر اینڈ بلیئرڈکے صدور و سیکریٹری سمیت مختلف آفیشلز اور نامورکھلاڑی بھی موجود تھے، عارف حسن نے محمد آصف کو شاندار کارکردگی پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی طرف سے2 لاکھ روپے کا چیک پیش کرتے ہوئے 32ویں نیشنل گیمز میں شرکت کی خصوصی دعوت بھی دی۔

انھوں نے اسنوکر فیڈریشن کو بھی ایک لاکھ روپے کا چیک دیا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ نیشنل گیمز شیڈول کے مطابق لاہور میں ہوں گے،اگر مقابلے سڑکوں پر بھی کرانے پڑے تب بھی میلہ سجائیں گے،انھوں نے کہا کہ پنجاب نے یوتھ فیسٹیول کے موقع پر بڑی کامیابی سے گیمز منعقد کرائے ہیں، اب ملکی ایتھلیٹس سڑکوں پر دوڑیں گے تو دنیا میں پاکستان کا کیا امیج رہ جائے گا۔ محمد آصف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صدر پی او اے نے کہا کہ اسنوکر کے عالمی چیمپئن نے مشکل حالات کے باوجود جوکارنامہ انجام دیا وہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔




پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے آصف کو سپورٹ نہ کرنے کے باوجود فیڈریشن نے بھرپورمددکی،ان کے اعتماد کی وجہ سے ہی وہ یہ کارنامہ انجام دینے میں کامیاب ہوئے، دولاکھ کی انعامی رقم ایک آغاز ہے مستقبل میں آصف کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔عارف حسن نے کہا کہ ہمارے ملک میں اتنا ٹیلنٹ موجود ہے کہ بغیر سہولتوں اور فنڈز کے ورلڈ چیمپئن بن سکتے ہیں۔

اگر ہم اپنے کھلاڑیوں کو مکمل سہولیات فراہم کریں تو مزید اچھے نتائج سامنے آئیں گے،اس موقع پر محمد آصف نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری پوری کوشش ہوگی کہ مستقبل میں بھی پاکستان کیلیے کارنامے انجام دوں۔ پنجاب اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ادریس حیدر خواجہ نے کہا کہ محمد آصف جیسے کھلاڑی ملک کے لیے باعث فخر ہیں،انھوں نے کہا کہ قومی گیمز شیڈول کے مطابق ہوں گے،انعقاد کیلیے گرائونڈز اور فنڈز کا انتظام کرلیا گیا ہے ۔
Load Next Story