آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی تنزلی

یونس خان چوتھی سے چھٹی مصباح الحق 11 ویں سے 14 ویں جب کہ بالنگ میں یاسر شاہ کی چھٹی سے ساتویں پوزیشن پر تنزلی


ویب ڈیسک November 22, 2016
آسٹریلین ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ بدستور پہلے نمبر پر ہیں فوٹو: فائل

آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں شکست کے بعد قومی بلے باز یونس خان چوتھی سے چھٹی جب کہ بالنگ میں یاسر شاہ چھٹی سے ساتویں پوزیشن پر آگئے۔

آئی سی سی جانب سے جاری کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق بلے بازوں میں آسٹریلین ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ بدستور پہلے نمبر پر ہیں جب کہ انگلش بلے باز جوئے روٹ دوسرے اور کیویز قائد کین ولیمسن تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں عمدہ کارکردگی کے بعد چوتھے نمبرپرآگئے ہیں جوکہ ان کے کیریئرکی بہترین ٹیسٹ رینکنگ ہے۔ان کےعلاوہ ہاشم آملہ پانچویں، یونس خان چھٹے،اے بی ڈی ویلیئر ساتویں، وارنر آٹھویں، پجارا نویں اورانگلش ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک 10 ویں نمبرپرموجود ہیں۔پاکستانی کپتان مصباح الحق 11 ویں سے 14 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جب کہ اظہرعلی اوراسد شفیق کی رینکنگ میں بھی دو درجے تنزلی ہوئی ہے اور وہ دونوں بالترتیب 16 ویں اور 20 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

بالنگ کے شعبے میں پاکستان کی جانب سے صرف یاسر شاہ ٹاپ 10 رینکنگ میں موجود ہیں جن کا نمبر ساتواں ہے جب کہ پاکستان کا کوئی بھی فاسٹ بالر بہترین 20 بالرز کی رینکنگ میں جگہ نہیں بنا سکا ہے۔دوسری جانب بھارت کے روی چندرن ایشون بدستور پہلی پوزیشن پر فائز ہیں جب کہ سری لنکن اسپنر رنگانا ہیراتھ دوسرے،جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین تیسرے اور انگلش بالر جیمز اینڈرسن چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

اس کے علاوہ قومی ٹیم نیوزی لینڈ سے پہلا ٹیسٹ ہارنے کے بعد 2 پوائنٹس سے بھی محروم ہو گئی ہے تاہم بدستور دوسری پوزیشن پر موجود ہے، ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت پہلے اور آسٹریلیا کی تیسری پوزیشن برقرار ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں