کراچی ایئرپورٹ حملے میں ہلاک 10 دہشتگردوں کی قبر کشائی

دہشت گردوں كے ڈی این اے ٹیسٹ كے لیے جانے والے نمونے ان كے اہلخانہ سے میچ كرائے جائیں گے، پولیس


ویب ڈیسک November 22, 2016
دہشت گردوں كے ڈی این اے ٹیسٹ كے لیے جانے والے نمونے ان كے اہلخانہ سے میچ كرائے جائیں گے، پولیس، فوٹو؛ فائل

ایئر پورٹ حملے میں مارے جانے والے 10دہشت گردوں كی قبر كشائی كرنے كے بعد ڈی این اے ٹیسٹ كے لیے نمونے حاصل كركے تفتیشی افسر كے سپرد كر دیئے گیے۔

مواچھ گوٹھ قبرستان میں امانتاً دفن کراچی ایئرپورٹ حملے کے بعد آپریشن کےنتیجے میں ہلاک ہونے والے 10 دہشت گردوں کی قبر كشائی جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر كی نگرانی میں میڈیكل بورڈ پر مشتمل 4 ركنی ڈاكٹرز كی ٹیم نے كی، ڈاكٹرز كی ٹیم نے حملے میں مارے جانے والے تمام دہشت گردوں كے ڈی این اے ٹیسٹ كے لیے نمونے حاصل كرنے كے بعد انہیں انویسٹی گیشن افسر كے حوالے كردیا۔ اس موقع پر پولیس سر جن اعجاز كھوكھر نے صحافیوں كو بتایا كہ قبر كشائی كے بعد حاصل كیے جانے والے ڈی این اے كے نمونے اسلام آباد واقع ڈی این اے لیبارٹری یا كہیں اور بھجوائے جائیں گے اس كے بعد ان كے پروفائل میچ كرائے جائیں گے۔

پولیس سرجن نے بتایا کہ ایئرپورٹ حملے میں مارے جانے والے دہشت گردوں كے ڈی این اے كے لیے ہڈیوں ، ناخن اور دانت كے نمونے لیے گئے ہیں، ڈی این اے كے نمونے ایك سال سے زائد عرصے تك محفوظ رہتے ہیں اور اس كی مدد سے كئی سال بعد بھی مرنے والوں كی شناخت اور خاندان كا پتہ لگایا جاسكتا ہے۔

دوسری جانب كاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ حكام كے مطابق ایئر پورٹ حملے میں مارے جانے والے دہشت گردوں كے ڈی این اے ٹیسٹ كے لیے جانے والے نمونے ان كے اہلخانہ سے میچ كرائے جائیں گے تاہم اسلام آباد سے ڈی این اے كی رپورٹ آنے كے لیے كوئی ٹائم فریم نہیں دیا جاسكتا ہے۔

واضح رہے كہ 8 جون 2014 كو كراچی ایئر پورٹ پر دہشت گردوں كے حملے كے بعد سیكیورٹی فورسز كی كارروائی اور آپریشن كے نتیجے میں 10دہشت گرد مارے گئے تھے تاہم ان كی فوری طور پر كوئی شناخت ممكن نہیں ہوسكی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں