جعلی الیکشن کا باب ختم ہو گیا جلسے تو ٹریلر ہیں اصل فلم تو انتخابات میں دکھائیں گے وزیر اعظم

اب صرف میدان کی سیاست ہوگی، مخالفین تسلیم کرلیں آئین کی بحالی زرداری کا کارنامہ ہے


News Agencies/Numaindgan Express December 20, 2012
وزیراعظم راجا پرویز اشرف ہری پور میں جلسے سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو : آن لائن

وزیراعظم راجا پرویزاشرف نے کہا ہے کہ جعلی الیکشن ، جھرلوسیاست اور جعلی ووٹوں کا باب بند ہوچکا ، ڈرائنگ روم کی سیاست کرنیوالے بھول رہے ہیں۔

اب صرف میدان کی سیاست ہوگی ، جلسے توصرف ٹریلر ہیں ، الیکشن میں عوامی خدمت کی بنیاد پراصل فلم دکھائیں گے۔ وہ بدھ کو یہاں کوٹ نجیب اللہ میںعوامی جلسے سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی سردار مشتاق نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کاباضابطہ اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے غریبوں کو ووٹ کا حق دیا ، انھیں جھوٹے مقدمے میں پھنساکر پھانسی دی گئی ، ان کی بیٹی بے نظیر بھٹو نے عوام کے حقوق کی بات کی تو انھیں بھی شہید کیا گیا، شروع دن سے پیپلز پارٹی کیخلاف سازشیں اور پروپیگنڈے جاری ہیں لیکن ہمیں اس سے کوئی گھبراہٹ نہیں ۔

ہمارے مخالفین تو پہلے دن سے حکومت جانے کے راگ الاپ رہے ہیں لیکن آج ملکی تاریخ میں پہلی بار سویلین حکومت اپنی آئینی مدت پورے کرنے جارہی ہے، اصغر خان کیس نے ثابت کردیا ہے کہ عوام کا مینڈیٹ چھینا گیا۔ انھوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر الزام تراشیوں سے جمہوریت کو استحکام نہیں ملے گا بلکہ مفاہمت کی سیاست سے نہ صرف جمہوریت مضبوط ہوگی بلکہ ملک کا مستقبل جمہوریت میں ہے، مخالفین تسلیم کرلیں آئین کی بحالی صدر زرداری کا کارنامہ ہے ۔

6

انھوں نے کہا کہ چند سیاسی قائدین ٹی وی شومیں بیٹھ کر ڈرائنگ روم کی سیاست کررہے ہیں مگروہ یہ بھول رہے ہیں کہ اب صرف میدان کی سیاست ہوگی ، جھرلو سیاست اور جعلی ووٹوں کا باب بند ہوچکا ہے، پیپلز پارٹی ایک تحریک کا نام ہے ، اسے ختم نہیں کیا جاسکتا ، میدان سے بھاگنے والے نہیں ، آئندہ انتخابات میں وفاق اورچاروں صوبوں میں کامیابی حاصل کریں گے، الزامات کی سیاست کرنیوالوں کو مایوسی ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جلسے توصرف ٹریلر ہیں ، الیکشن میں عوامی خدمت کی بنیاد پراصل فلم دکھائیں گے، انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے اور وہی پارٹی اقتدار میں آئیگی جس کو عوام ووٹ دیں گے ۔

انھوں نے کہا کہ ہزارہ کے عوام کی تمام مایوسیاں اورمحرومیاں ختم کردیں گے، اس موقع پر وزیراعظم نے ہری پورتاٹیکسلا خانپور روڈ کی تعمیر دو ماہ میں مکمل کرنے ، ٹی آئی پی اورہیوی مکینکل کمپلیکس کے تمام عارضی ملازمین کو مستقل کرنے اورہری پور میں بجلی کی تمام منصوبے مکمل کرنیکا اعلان کیا۔ دریں اثناء وزیراعظم سے اتصالات کے گروپ چیف ایگزیکٹو عبدالکریم احمد جلفر کی سربراہی میں وفد ، نائیجیریا کیلئے نامزد ہائی کمشنر لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اشرف سلیم ، سابق صوبائی وزیر اشرف سوہنا اورسلطانہ فائونڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر نعیم غنی نے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں ۔ وزیر اعظم نے ڈاکٹر نعیم غنی کو 5 کروڑ روپے کا چیک دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں