وادی نیلم میں بھارتی فوج کے مسافر بس پرراکٹ حملے میں 10 افراد شہید

بھارتی فوج نے زخمیوں کو لے جانے والی ایک ایمبولینس کو بھی نشانہ بنایا ہے، آئی ایس پی آر

بھارتی فوج کی جانب سے مارٹرگولوں سے مقامی آبادی کونشانہ بنایا گیا۔ فوٹو: فائل

مودی سرکار جنگی جنون میں اس قدراندھی ہوگئی ہے کہ اب اس نے مقامی آبادی کے علاوہ مسافربسوں کو بھی نشانہ بنانا شروع کردیا ہے جہاں بھارتی فوج نے وادی نیلم میں مسافربس کو نشانہ بنایا جس میں 10 افراد شہید جب کہ 10 زخمی ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ وادی نیلم کے علاقے لوات میں بھارتی فورسز کی جانب سے ایک مسافر کوچ پر راکٹ داغا گیا جس کے نتیجے میں10 افراد شہید جب کہ 10 زخمی ہوگئے ہیں۔

ایس ایس پی نیلم پولیس کے مطابق اس کے علاوہ بھارتی فوج نے لالہ اور راوٹہ کے قریب بھی گولہ باری کی ہے۔ واقعے کے بعد وادی میں تعلیمی ادارے غیرمعینہ مدت کے لیے بند کردیئے گئے ہیں۔

وادی نیلم میں بھارت کی بزدلانہ کارروائی کے حوالے سے اسپیکرقانون سازاسمبلی شاہ غلام قادرنے مظفرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مسافر وین کو راکٹ اور چھوٹے ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا، بس پر گولہ گرنے سے 10 مسافر شہید اور10 زخمی ہوئے ہیں، شہید اورزخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ اطلاعات ''آئی ایس پی آر'' نے واقعے میں 7 افراد کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے زخمیوں کو لے جانے والی ایک ایمبولینس کو بھی نشانہ بنایا ہے۔


وزیراعظم آزاد کشمیرراجا فاروق حیدر نے بھارتی فوج کی جانب سے مسافربس کو نشانہ بنانےکی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج معصوم شہریوں کونشانہ بنارہی ہے، مسافربس کونشانہ بنانا بھارتی فوج کی دہشتگردی کا کھلا ثبوت ہے، عالمی برادری بھارتی فوج کی جارحیت کانوٹس لے۔

دوسری جانب لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرزپربھی بلااشتعال گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے, کیرل سیکٹر میں ایک مکان پرگولہ لگنے سے ایک شخص کے شہید جب کہ پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، اس کے علاوہ بھارتی فوج کی جانب سے داغے گئے 3 مارٹرگولے تحصیل ہیڈ کوارٹراسپتال تتہ پانی کے قریب گرنے سے نازیہ دخترطفیل شاہ زخمی ہوگئیں۔

آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے بٹل، کریلہ، شاہ کوٹ ، باگسر، تتہ پانی سیکٹرزپربلااشتعال فائرنگ کی گئی ہے، جس میں بھارتی فوج نے مارٹرگولوں سے مقامی آبادی کو نشانہ بنایا ہے جب کہ پاک فوج بھی دشمن کو منہ توڑجواب دے رہی ہے اور دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں کئی اہم چوکیاں تباہ ہونے کے علاوہ بھارتی فوج کو شدید جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد شہید ہوچکے ہیں۔

https://www.dailymotion.com/video/x536c3c
Load Next Story