عدلیہ سمیت تمام اداروں کا دل سے احترام کرتاہوں الطاف حسین

وزرا ایسی گفتگو نہ کریں جس سے عدلیہ کی توہین ہوتی ہو،رابطہ کمیٹی منہاج القرآن کے جلسے میں شریک ہو

وزرا ایسی گفتگو نہ کریں جس سے عدلیہ کی توہین ہوتی ہو،رابطہ کمیٹی منہاج القرآن کے جلسے میں شریک ہو۔ فوٹو : فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ میںعدلیہ سمیت تمام اداروں کا دل سے احترام کرتاہوں اورکسی سے بھی محاذآرائی نہیں چاہتا یہی وجہ ہے کہ میں نے ایم کیوایم کے کارکنوں کو تمام احتجاجی مظاہرے منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

انھوں نے یہ بات آج کراچی میں ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروپر رابطہ کمیٹی اور اسلام آبادمیں ایم کیوایم کے ارکان پارلیمنٹ سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے کہاکہ اس وقت ملک جس نازک صورتحال سے دوچارہے اس میں محاذآرائی کسی بھی طرح ملک کے مفادمیں نہیں ہے اور ملک کی موجودہ صورتحال میں ہمیں ملک کاعظیم مفاد پیش نظر رکھناچاہیے اورپارٹی یاذاتی مفادات سے بالاتر ہوکرسوچناچاہیے ۔ انھوں نے ایم کیوایم کے ذمے داران اور ارکان پارلیمنٹ کوایک مرتبہ پھرہدایت کی کہ وہ اپنی گفتگومیں کوئی ایسی بات نہ کریں جس سے عدلیہ کی توہین ہوتی ہویااس کے تقدس پر کوئی آنچ آتی ہو۔

دریں اثناالطاف حسین نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ اور ممتازاسکالرپروفیسر ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن واپسی کا زبردست خیرمقدم کرتے ہوئے اتوار 23دسمبرکو لاہور میں مینارپاکستان پرہونے والے پاکستان عوامی تحریک کے جلسہ عام کی مکمل حمایت کااعلان کیاہے اور عوام سے پرزوراپیل کی ہے کہ و ہ بھرپورتعدادمیں شرکت کرکے اس جلسہ عام کو کامیاب بنائیں۔انھوں نے یہ بات پاکستان عوامی تحریک کے چیئرمین اورتحریک منہاج القرآن کے سربراہ پروفیسرڈاکٹر طاہر القادری سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔




الطاف حسین نے ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمے اور حقیقی تبدیلی کیلیے ڈاکٹر طاہر القادری کے انقلابی پروگرام کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کوفرسوہ جاگیردارانہ نظام سے نجات دلانے ،ملک میں غریب ومتوسط طبقہ کاانقلاب برپا کرنے اورانصاف کانظام قائم کرنے کیلیے ڈاکٹرطاہرالقادری عملی جدوجہد کریں گے تواس عظیم مقصدکیلیے انہیں میری مکمل حمایت حاصل ہوگی۔

ڈاکٹرطاہرالقادری نے ان کی بھرپور حمایت پر الطاف حسین کاشکریہ اداکیااور کہاکہ پاکستان کو بچانے اور ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمے کیلیے ایم کیوایم اورپاکستان عوامی تحریک کے پروگرام میں کوئی فرق نہیں ،الطاف حسین نے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی اور ارکان پارلیمنٹ سے کہاکہ وہ23 دسمبرکولاہورمیں مینارپاکستان پر تحریک منہاج القرآن کے جلسے میں شرکت کریں اوراس کی کامیابی کے سلسلے میں تعاون کریں۔
Load Next Story