پیپلز پارٹی گیلانی کی سربراہی میں انتخابی سیل قائم کریگی

جنوبی پنجاب ،وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا ، سندھ اور بلوچستان میں جلسے منعقد کیے جائینگے.


Staff Reporter December 20, 2012
ذوالفقار علی بھٹو کے یوم ولادت 5جنوری سے انتخابی مہم کا آغاز کردیاجائے گا۔ فوٹو: فائل

لاہور: پیپلز پارٹی اپنے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کے یوم ولادت 5 جنوری سے عوامی رابطہ اور انتخابی مہم کا آغاز کردے گی۔

اس ضمن میں ملک بھر میں جلسے منعقد کیے جائیں گے، جس سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔ مہم کا آغاز جنوبی پنجاب کے سرائیکی علاقوں سے ہوگا۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق آئندہ انتخابات اور عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے ایک انتخابی سیل بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے سربراہ پیپلز پارٹی کے سنئیر وائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی ہوںگے۔

7

انتخابی سیل میں پیپلز پارٹی کے قائدین فریال تالپور، مخدوم امین فہیم، قمر زمان کائرہ، نوید قمر، خورشید شاہ، جہانگیر بدر، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، جنوبی پنجاب اور وسطی پنجاب کے پارٹی صدور اور سیکریٹری جنرل شامل ہوں گے۔ یہ سیل جلسوں اور اجتماعات کے انعقاد اور ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پارٹی کے ڈویژنل اور ضلعی عہدیداروں سے مشاورت بھی کرے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے بعدوسطی پنجاب، خیبر پختونخوا ، سندھ اور بلوچستان میں جلسے منعقد کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ انتخابات سے قبل ملک بھر میں 150 سے زائد جلسے منعقد کیے جائیں گے ، ان کے علاوہ ہزاروں عوامی اجتماعات اور کارنر مٹینگز بھی منعقد کی جائیں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی پلان مرتب کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں