الطاف حسین نے ہمیشہ قوم کو درپیش خطرات سے پیشگی آگاہ کیا

فرخ اعظم، صوبائی وزیر نثار پنہور کا ایم کیو ایم اولڈ ملیر سیکٹرکے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب

فرخ اعظم، صوبائی وزیر نثار پنہور کا ایم کیو ایم اولڈ ملیر سیکٹرکے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب۔ فوٹو ایکسپریس

کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج فرخ اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گزررہا ہے اور ملک کو ایسے اندرونی و بیرونی خطرات لاحق ہیں جن سے ملک کی سالمیت پر خطرات منڈلا رہے ہیں، ایسے حالات میں ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر ملک کے وسیع تر مفاد میں مل جل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔


ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایم کیو ایم اولڈ ملیر سیکٹرکے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر نثار پنہور و اراکین کمیٹی، سیکٹر و یونٹس کے ذمے داران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، انھوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے جس طرح ہمیشہ اپنی مدبرانہ صلاحیت اوردور اندیشی سے ملک وقوم کو ممکنہ درپیش خطرات سے عوام کو پیشگی آگاہ کیا ہے اور عوام کو نامساعد حالات کیلیے تیار رہنے کی تلقین کی۔

الطاف حسین ملک کے واحد رہنما ہیں جنھوں نے ملک کی خاطر اپنی پوری زندگی قربان کردی مگر ملک پر آنچ نہیں آنے دی، اس موقع پر ایم کیو ایم کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے ذمے داران نے حاجی امید علی محلہ مراد میمن گوٹھ کے معززین سے ملاقات کی اور انھیں الطاف حسین کا پیغام اتحاد، امن و محبت پہنچایا، معززین سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نثار پنہور نے کہا کہ قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی زیادہ ضرورت ہے، نفرتوں کے خاتمے اور محبتوں کے فروغ کیلیے ہر ممکن کوششیں کرنا ہونگی۔
Load Next Story