وزیراعظم نوازشریف کی ترکمانستان کے صدر سے ملاقات

وزیراعظم ترکمانستان میں پائیدارٹرانسپورٹ پر گلوبل کانفرنس سے خطاب کریں گے۔


ویب ڈیسک November 25, 2016
وزیراعظم ترکمانستان میں پائیدارٹرانسپورٹ پر گلوبل کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ فوٹو؛ پی آئی ڈی

وزیراعظم نوازشریف نے ترکمانستان کے صدر سے ملاقات کی جب کہ ان کا کہنا تھا کہ تاپی گیس منصوبہ خطے میں ترقی کا منصوبہ ہے جس سے گیس کی ضرورت پوری ہوگی۔



وزیراعظم نوازشریف نے ترکمانستان کے صدر سے ملاقات کی جس میں تاپی منصوبے کا جائزہ لیا گیا جب کہ افغانستان کے راستے پاکستان میں بجلی لانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ تاپی گیس لائن منصوبے میں پیش رفت ہورہی ہے، منصوبے سے گیس کی ضرورت پوری ہوگی جب کہ سی پیک منصوبے سے 10 سال میں خوشحالی آئے گی جس سے دنیا کی آدھی آبادی سی پیک سے فائدہ اٹھائے گی، کئی ممالک سی پیک میں شمولیت کے خواہش مند ہیں۔



وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ترکمانستان کی دوستی وقت کے ساتھ مضبوط ہورہی ہے جب کہ دونوں ملکوں کے درمیان ہر سال اعلیٰ سطح رابطہ ہونا چاہئے اور ترکمانستان کے صدر سے کہا کہ سال میں 2 ملاقاتیں کریں گے۔



اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف 2 روزہ دورے پر ترکمانستان پہنچے جہاں اشک آباد ایئرپورٹ پر ترکمانستان کے نائب وزیراعظم اور اعلی حکومتی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ مشیر عرفان صدیقی اور طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں وزیراعظم ترکمانستان کے صدر سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔



وزیراعظم نواز شریف کل صبح ترکمانستان کی یادگار آزادی کا دورہ کریں گے جس کے بعد وہ چیمبر آف کامرس میں پہنچیں گے جہاں پائیدار ٹرانسپورٹ پر گلوبل کانفرنس سے خطاب کریں گے، کانفرنس سے ترکمانستان کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سمیت افغانستان، جارجیا اور آسٹریا کے رہنما بھی خطاب کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں