22برس بعد پاکستانی سینماگھر گیاہوں راحت فتح علی

پاکستانی فلموں کے لیے اچھا میوزک تیار نہیں کیا جارہاجس کی وجہ سے میں نے یہاں زیادہ کام نہیں کیا۔


Showbiz Reporter December 21, 2012
بچپن میں پاکستانی فلمیں بہت شوق سے دیکھا کرتاتھا، راحت فتح علی خان۔ فوٹو : فائل

پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارراحت فتح علی خاں نے پی اے ایف سینما میں پہلی مرتبہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ بالی وڈ اسٹارسلمان خان کی نئی فلم ''دبنگ ٹو'' کا پریمیئردیکھا۔

اس موقع پرجہاں سینما کے اونر نادرمنہاس نے راحت فتح علیخاں کو سینما کا دورہ کروایا وہیں سینما میں آویزاں پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈز کی تصاویربھی دکھائیں جس کو دیکھ کر انھوں نے خوشگوارحیرت کااظہاربھی کیا۔ راحت فتح علی خاں نے اس موقع پر ''ایکسپریس''سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ میں 22برس بعد کسی بھی پاکستانی سینما میں فلم دیکھنے کے لیے آیا ہوں لیکن مجھے پی اے ایف سینما دیکھ کرانٹرنیشنل سینما کی جھلک دکھائی دی ہے جہاں تک سینما کے ماحول کی بات ہے تویہ خاصا متاثر کن ہے۔ مجھے یہاں پرفلم انڈسٹری کے لیجنڈز کی تصاویر دیکھ کربہت خوشگوارحیرت ہوئی ہے۔

ان تصاویرکو دیکھ کرمیں اپنے بچپن میں کھوگیا تھا کیونکہ میں بچپن میں پاکستانی فلمیں بہت شوق سے دیکھا کرتاتھا۔ انھوں نے کہا کہ فلم ''دبنگ ٹو'' کا پاکستان میں پریمئیر بہت خوش آئند بات ہے۔اس فلم میں شامل میرے گیت کا مقابلہ ''دبنگ '' کے پہلے پارٹ کے سپرہٹ گیت سے ہی تھا۔ وہ گیت بہت مقبول ہواتھا اس لیے ہم نے نئی فلم کے لیے موسیقارساجد واجد اورفلمساز ارباز خان کے ساتھ مل کرٹھمری، دادرا میں گیت تیار کیا جس کو لوگوں نے بہت پسند کیا ہے۔ انھوں نے پاکستانی فلموں کے لیے گیت نہ گانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فلموں کے لیے اچھا میوزک تیار نہیں کیا جارہاجس کی وجہ سے میں نے یہاں زیادہ کام نہیں کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں