لاہور میں چنبہ ہاؤس سے مسلم لیگن کی خاتون کارکن کی لاش برآمد

خاتون 2 نومبر سے چنبہ ہاؤس میں مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری اشرف کے نام سے کمرہ لے کر ٹھہری ہوئی تھی ، پولیس


ویب ڈیسک November 27, 2016
خاتون میرے حلقے سے تعلق ضرور رکھتی ہے لیکن میری رشتہ دار نہیں ہے، لیگی ایم این اے۔ فوٹو: فائل

ریس کورس میں چنبہ ہاؤس کے کمرے سے مسلم لیگ (ن) کی خاتون کارکن کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق لاہور میں ريس كورس كے علاقے چنبہ ہاوس کے کمرے سے 35 سالہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق چنبہ ہاؤس کے کمرہ نمبر 26 میں ویٹر بل لینے گیا تو وہاں خاتون کی لاش پڑی ہوئی تھی، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور تحقیقاتی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جس کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق لاش کی شناخت سمیعہ نامی خاتون کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق ساہیوال سے ہے جب کہ خاتون کے قتل کا مقدمہ ریس کورس تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ خاتون نے 2 نومبر کو مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری اشرف کے نام سے کمرہ لیا اورجب سے وہ وہیں ٹھہری ہوئی تھی جب کہ کمرے سے منشیات بھی برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے چنبہ ہاؤس میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرلی ہے جب کہ تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ خاتون نے خود کشی کی یا اسے قتل کیا گیا تاہم پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری اشرف کا کہنا ہے کہ سمعیہ میرے حلقے سے تعلق ضرور رکھتی ہیں لیکن وہ میری رشتہ دار نہیں ، خاتون سے میری ایک دو بار ملاقات ضرور ہوئی تھی اور وہ خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب ہونا چاہتی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔