عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں شہبازشریف

سماج دشمن عناصر،جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے،وزیراعلیٰ کی ہدایت


ویب ڈیسک November 27, 2016
سماج دشمن عناصر،جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے،وزیراعلیٰ کی ہدایت فوٹو : فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب میں سماج دشمن عناصر، جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم پیشہ افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے کیونکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران پنجاب میں سماج دشمن عناصر، جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سماج دشمن عناصر، جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اورعوام کے جان ومال تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو امن عامہ کی فضا یقینی بنانے کے لئے فعال اور متحرک انداز میں فرائض سرانجام دینا ہوں گے، پولیس کو عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب پولیس فورس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے فرض کی ادائیگی موثرانداز سے کرے، عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں، جرائم کا خاتمہ، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور پولیس فورس کو اس ضمن میں تندہی اور جانفشانی سے فرائض سرانجام دینے کی ضرورت ہے ۔

وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ سماج دشمن عناصر ،جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس ضمن میں پولیس کے اعلیٰ حکام فہرستیں مرتب کرکے فی الفور قانونی اقدامات اٹھائیں کیونکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایسے عناصر کی آہنی ہاتھوں سے سرکوبی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو عوام کے جان ومال کے تحفظ کے حوالے سے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہو گا جب کہ میں خود عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا باقاعدگی سے جائزہ لوں گا اور تمام اقدامات کی ذاتی طور پرنگرانی کروں گا۔

اجلاس کے دوران پولیس حکام نے لاہور میں ہونے والے جرائم کے بعض واقعات خصوصاً ملت پارک ڈکیتی قتل کیس اور گارڈن ٹاؤن میں ٹریفک سگنل پر گاڑی کو لوٹنے کے واقعات کی پیشرفت سے آگاہ کیا، سی سی پی او نے وزیراعلی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کیسوں پر پیش رفت ہو رہی ہے اور ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔