خشک موسم کیلئے بالوں اور چہرے سے پیروں تک کیلئے قیمتی ٹوٹکے

سرما کے مسائل سے نبٹنے کے چند مفید نسخے


Shahida Rehana November 28, 2016
رات کو سوتے وقت چہرے پر نیم گرم دودھ یا دودھ کی بالائی کا مساج کریں اور صبح اٹھ کر نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ فوٹو: فائل

JHANG: خنک ہوا کے جھونکے اس بات کی نوید ہیں کہ میوے کھانے، گرم کپڑے پہننے اور اپنی نرم ونازک جلد کی حفاظت کرنے کا موسم آرہا ہے۔ یہ سرد اور خشک موسم ہماری جلد کے لیے بہت سے مسائل لے کر آتا ہے، بہتر ہے کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے تیاری کرلیں۔

ایک عدد لیموں کے چھلکے پیس لیں، اس میں آدھی پیالی مکئی کا آٹا اور پسے ہوئے بادام ملائیں اور پورے موسم سرما میں نہاتے ہوئے اس میں ناریل یا زیتون کا تیل ملاکر مالش کریں گی تو آپ کی جلد نرم و ملائم رہے گی۔ اس نسخے کے ذریعے آپ کالی پڑ جانے والی کہنیوں کو بھی صاف کر سکتی ہیں۔

٭...موسم سرما میں جلد کو موئسچرائز کرنے کے لیے سن فلاور آئل کا استعمال کریں اس میں وٹامن اے اور ای بہت زیادہ ہوتا ہے۔
٭...موسم سرما میں ہفتے میں ایک بار نمک چینی اور تیل کے ساتھ پورے جسم کا مساج کرنا بھی جلد کے لیے بے حد مفید ہوتا ہے۔
٭...ہلدی، بیسن، آٹے کی بھوسی اور دہی میں چند قطرے عرق گلاب میں ملا کے پورے جسم کا مساج کرنے سے بھی جلد خشکی سے محفوظ رہتی ہے۔
٭...چند دانے بادام، ایک اخروٹ اور چند دانے مونگ پھلی پیس کر اس میں دو چمچے دودھ کی بالائی، دو چمچے کھیرے کا رس ایک چمچا شہد اور دو چمچے عرق گلاب ملا کر کریم بنالیں اور نہانے سے قبل استعمال کریں۔

چہرے کے لیے
سردیوں میں سب سے زیادہ چہرے کی جلد متاثر ہوتی ہے، منہگی کریموں اور لوشنز کے بہ جائے، ہم دیسی نسخوں کے ذریعے بھی ان مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔
٭...رات کو سوتے وقت چہرے پر نیم گرم دودھ یا دودھ کی بالائی کا مساج کریں اور صبح اٹھ کر نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
٭...پسی ہوئی ہلدی کو تھوڑی سی دہی میں ملا کر کریم کی طرح لگائیں اور ایک گھنٹے کے بعد چہرہ دھولیں۔
٭...خشک موسم میں چہرہ دھونے کے لیے بیسن کا استعمال کریں۔

٭...مولی کے پتوں کو پیس کر ہفتے میں ایک بار چہرے پر لگایا جائے، تو موسم سرما کے مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔
٭...کچے آلو کا گودا بنالیں اور اس میں دودھ شامل کر کے چہرے کا مساج کریں، اس سے چہرے کے داغ دھبے دور ہو جائیں گے۔
٭...میتھی دانہ پیس کر اس میں گلیسرین ملا کے چہرے پر لگانے سے جلد پر رونق ہو جائے گی۔

٭...چہرے پر داغ دھبے ہوں، تو پالک کا رس نکال کر چہرے پر لگائیں یا پھر پیاز کا رس بھی چہرے کے داغوں پر ملنے سے داغ ختم ہو جاتے ہیں۔
٭...موسم سرما میں فیشل، مساج اور ماسک کے استعمال سے چہرے کو خوب صورت رکھا جا سکتا ہے۔ شہد اور انڈے کی سفیدی کا ماسک اس ضمن میں بہترین ہے۔ فیشل کے لیے ناریل، زیتون اور بادام کا تیل ملا کے مساج کریں۔
٭... اگر چہرے پر مہاسے ہوں تو جائفل کو دودھ میں تھوڑا سا گھِس کر لگائیں، افاقہ ہوگا۔ اس کے ساتھ کچا دودھ روئی کے پھائے کی مدد سے روزانہ کیل مہاسوں پر لگانا بھی مفید ہوگا۔ آٹے کی بھوسی کو دودھ میں ملا کے اس کی 'لئی' بنالیں اور چہرے پر روزانہ اس کا لیپ کریں اور آدھے گھنٹے بعد چہرہ نیم گرم پانی سے دھو لیں۔

٭...تھوڑی سی پسی ہوئی گندھک کو دودھ میں ملا کر اس کی 'مرہم' سی بنالیں اور اسے کیل مہاسوں پر لگالیں اور دو گھنٹے بعد چہرہ دھولیں، ان میں سے کسی ایک نسخے پر عمل کرنا مفید ثابت ہوگا۔
٭...دن میں دو تین بار تولیے کو نیم گرم پانی میں بھگو کر نچوڑیں اور چہرے پر لگائیں، 10 سے 15 منٹ ایسا کریں۔ چہرے پر خشکی رہے گی نہ کیل مہاسے اور داغ۔
٭...ایک سیب کدو کش کر کے اس کا گودا چہرے پر لگالیں اور کم از کم آدھے گھنٹے کے لیے سیدھی لیٹ جائیں۔ ہفتے میں ایک بار یہ عمل رکنے سے چہرہ کھلا کھلا نظر آئے گا۔

٭...ہفتے میں ایک بار کھیرے کو پیس کر چہرے پر لگانے سے بھی جھائیاں دور ہو جاتی ہیں۔
٭... اگر دانوں کی وجہ سے چہرے پر ان کے گہرے نشان پڑ جائیں، تو برف کے پانی میںعرق گلاب ملا کے چہرے پر لگائیں روزانہ دن میں تین چار بار یہ عمل کریں۔

گردن کے لیے
جسم کا مساج کرتے وقت بھی ہم اکثر گردن کو نظر انداز کر دیتے ہیں جس سے گردن کی جلد کو کسی قسم کا موئسچرائزر نہیں ملتا اور اس کی جلد سے خشکی جھلکنے لگتی ہے۔ دہی میں ہم وزن بیسن ملا کر گردن پر اس کا لیپ کریں۔ خشک ہونے پر دھولیں۔ ہفتے میں ایک مرتبہ گردن پر کلینزنگ ملک لگا کر صفائی کریں، لیموں کے رس اور گلیسرین ملا کر روزانہ رات کو گردن پر لگالیں اور صبح کو ایک تولیا گرم پانی میں ببگو کر گردن پر ملیں۔ کبھی کبھار بلیچ کریم سے گردن کی صفائی کرنا بھی ٹھیک رہے گا۔
٭...تازہ لیموں کے چھلکے دن میں دو بار گردن پر ملیں، کچھ دیر بعد سرسوں کے تیل کی مالش کریں، پھر اسے گیلے تولیے سے صاف کر دیں۔

٭...گھی میں تھوڑا سا نمک ملا کر گردن کی مالش کریں، پھر گیلے تولیے سے صاف کرلیں، اس طرح گردن کی جلد نرم اور صاف رہے گی۔
بھنووں اور پلکوں کی خشکی دور کرنے کے لیے سوتے وقت روغن زیتون لگائیں یا نیم گرم دودھ میں فلالین کے کپڑے کو بھگو کر آنکھوں پر رکھ لیں، جب اس کی حرارت ختم ہو جائے، تو نیم گرم پانی سے دھو لیں۔

ہونٹوں کی دل کشی کے لیے
٭...روزانہ سونے سے پہلے ہونٹوں پر دودھ کی بالائی لگائیں۔
٭...چٹکی بھر پسی ہوئی پھٹکری ایک چمچا عرق گلاب، چند قطرے لیموں کے رس میں ملا کر روزانہ رات سوتے وقت لگائیں، اس سے ہونٹوں کی سیاہی دور ہو جائے گی۔
٭...پھٹے ہوئے ہونٹوں پر گائے کا کچا دودھ دن میں تین، چار مرتبہ دس منٹ کے لیے لگائیں۔

٭...ٹماٹر کاٹ کر ہونٹوں پر ملنے سے نرمی ملنے کے ساتھ ساتھ ہونٹ بھی گلابی ہو جاتے ہیں۔
٭...گلاب کی پتیوں کو دودھ میں پیس کر فریج میں رکھ لیں اور روزانہ رات کو ہونٹوں پر ملیں۔
٭... زیتون کے تیل میں لیموں کا رس ملا کر ہونٹوں پر لگائیں۔
٭...ہونٹوں کو نم رکھنے کے لیے بار بار کولڈ کریم یا چپ اسٹک یا لپ بام لگائیں۔

آنکھوں کی حفاظت
دھوپ اور سردی سے آنکھوں کو محفوظ رکھنے کے لیے چشمے کا استعمال کیجیے، کھیرے کے قتلے یا استعمال شدہ 'ٹی بیگس' ٹھنڈے کرکے آنکھوں پر چند منٹوں کے لیے رکھنا بے حد فائدہ دیتا ہے۔

ہاتھوں کا تحفظ
سردیوں میں گھر کے کام کاج کرنے اور خاص طور پر برتن وغیرہ مانجھنے سے ہاتھ خراب ہو جاتے ہیں۔ اس کے لیے آپ روغن بادام، دو چمچے شہد، دو چمچے روغن زیتون، دو چمچے اچھی طرح ملا لیں اور رات سوتے وقت ہاتھوں اور ناخنوں پر ملیں، پھر دستانے پہن کر سو جائیں، صبح نیم گرم پانی سے ہاتھ دھولیں، اس سے آپ کے ہاتھ نرم ملائم رہیں گے۔
٭...سردی سے ہاتھوں پر پڑنے والی سلوٹوں کو دور کرنے کے لیے عرق گلاب تقریباً آدھا پاؤ روغن بادام 15 گرام پھٹکری اور چار انڈوں کی سفیدی ایک پتیلی میں ملا کر دھیمی انچ پر پکائیں، تھوڑی گاڑھی ہو جائے، تو چولھے سے اتار لیں اور بوتل میں بھر کر رکھ لیں، حسب ضرورت استعمال کریں۔ یہ پورے موسم سرما ہاتھوں کے لیے کافی ہوگی۔
٭...ہاتھوں کی نرمی کے لیے دہی میں لیموں کا رس لگا کر مساج کریں۔

٭...پکے ہوئے ٹماٹروں کا گودا، لیموں کا رس اور چند قطرے گلیسرین ملا کر ہاتھوں پر لگائیں ہاتھ نرم و ملائم ہو جائیں گے۔
٭...اکثر سردیوں میں ہاتھ اور چہرے کی جلد پھٹ جاتی ہے۔ اس کے لیے ناریل کے تیل میں موم ملا کر رات کو سونے سے پہلے ہاتھوں کا مساج کریں۔ صبح ہلکے گرم پانی سے دھو لیں۔
٭...سردیوں میں اکثر گرم سرد پانی میں ہاتھ ڈالنے سے ہاتھوں کی جلد پھٹ جاتی ہے۔ برتن وغیرہ دھونے سے جلد متاثر ہوتی ہے، لہٰذا رات کو سوتے وقت روزانہ دودھ کی بالائی کی مالش کریں یا نیم گرم دودھ سونے سے پہلے ہاتھوں پر مل لیں۔

دیگر نسخوں میں انڈہ اور پسی ہوئی پھٹکری ملا کے ہاتھوں پر لگانا خاصا مفید ہے۔ اس کے علاوہ دودھ میں عرق گلاب ملا کر بھی ہاتھوں پر مالش کی جا سکتی ہے۔ زیتون کے تیل میں لیموں کا رس ملا کر یا سرسوں کے تیل میں سرکہ ملا کر بھی ہاتھوں پر ملا جا سکتا ہے۔

پیرخشک نہ ہوں
ہاتھوں کی انگلیوں پر بادام، ناریل یا زیتون کا تیل لگا کر ٹخنے سے ایڑی کی طرف مالش کریں، پھر پیروں کی انگلیوں کی طرف جائیں۔ اس طرح روزانہ رات سونے سے قبل 10منٹ تک مساج کرنا مفید ہوگا۔

٭...اگر آپ کے پیر سخت اور کھردرے ہیں، تو آدھا چمچا نمک اور آدھا چمچا ناریل کا تیل نیم گرم پانی میں ملا کر اس میں پاؤں بھگوئیں اور جھاویں سے رگڑ کر صاف کریں۔ دس منٹ بعد پیر خشک کر کے پٹرولیم جیلی لگائیں اور موزے پہن لیں۔ اس طرح چند دنوں میں ہی آپ کے پیر نرم و ملائم ہو جائیں گے۔
٭...پیروں کو سبک اور ملائم رکھنے کے لیے پیروں کے مردہ خلیے ختم کرنا ضروری ہیں۔ اس کے لیے ایڑیوں، انگوٹھے، انگلیوں، ٹخنے اور تلوے پر سرکے اور دہی لگائیں، پھر نیم گرم پانی سے دھو کر پٹرولیم جیلی لگا کر کچھ دیر کے لیے موزے پہن لیں۔
٭...پھٹی ہوئی ایڑیوں پر بچے ہوئے صابن کے ٹکڑے گلیسرین میں ملا کے لگائیں۔ دو تین بار کے استعمال کے بعد واضح فرق نظر آئے گا۔

٭...سردیوں میں رات کو پاؤں میں ویسلین لگا کر سونے سے بھی پاؤں کی جلد شگفتہ رہتی ہے۔

اگر بالوں میں خشکی ہے۔۔۔
یوں تو بالوں کی خشکی کا کوئی موسم نہیں، مگر موسم سرما میں بالوں سے خشکی سے نجات کا ذریعہ بالوں میں نیم گرم تیل کی مالش ہے۔ نہانے سے ایک گھنٹے قبل بالوں میں نیم گرم تیل لگا کر 10 منٹ مالش کریں۔
٭...خشکی سے نجات کے لیے ہفتے میں ایک بار دہی اور انڈہ ملا کے بالوں کی جڑوں اور سروں پر لگائیں اور دو گھنٹے بعد سر دھولیں ۔
٭...ہفتے میں ایک بار سرکہ اور لیموں کا رس یک ساں مقدار میں لے کر بالوں کی جڑوں میں شیمپو کی طرح لگائیں۔ 15 منٹ بعد سر دھولیں، خشکی کے خاتمے میں مفید رہے گا۔

٭...سردیوں کے موسم میں اگر آپ بالوں کی چوٹی بنا کر رکھیں گی تو بال زیادہ صحت مند رہیں گے۔
٭...سردیوں میں بالوں کو ہفتے میں کم از کم دو بار دھوئیں اور دو بار گرم تولیے سے بالوں کو آدھے گھنٹے لپیٹ کر رکھیں، تو بالوں میں خشکی نہیں ہوگی۔
٭...بالوں کو ہفتے میں ایک بار منہدی کے پتوں سے دھوئیں، اور ایک بار بالوں میں خالص ناریل کا تیل ضرور لگائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہر مہینے بالوں کی نوکیں ضرور تراشیں، اس سے بالوں کی نشوونما اچھی ہوتی ہے۔
٭...کبھی کبھی تھوڑا سا سرکہ پانی میں ملاکر اس سے سر دھوئیں، تو یہ بالوںکی صحت کے لیے بے حد مفید ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔