ٹرمپ کی کیوبا کو تعلقات کی بحالی سے متعلق معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی

اگر کیوبا نے اچھا برتاؤ نہ رکھا تو میں تعلقات کے بحالی کے فیصلے کو ختم کردوں گا، ٹرمپ


ویب ڈیسک November 29, 2016
ٹرمپ اس سے قبل بھی اپنی انتخابی مہم کے دوران متعدد بار کیوبا سے تعلقات ختم کرنے کی دھمکیاں دیتے رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے ساتھ اچھا برتاؤ نہ رکھنے پر کیوبا کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کیوبا نے امریکا کے ساتھ اچھا برتاؤ نہ کیا تو وہ دونوں ممالک کے تعلقات کی بحالی کے معاہدے کوختم کردیں گے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کے سابق صدربراک اوباما نے 2015 میں کیوبا کے دورے کے بعد امریکا اورکیوبا کے سفارتی تعلقات کو بحال کیا تھا جسے اب ڈونلڈ ٹرمپ بحال رکھنا نہیں چاہتے ہیں۔ امریکا کے نو منتخب صدرڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرایک بارپھرکیوبا کی حکومت اورعوام کو کھلی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرکیوبا نے اچھا برتاؤ نہ رکھا تو وہ تعلقات کے بحالی کے فیصلے کو ختم کردیں گے جب کہ وہ اس سے قبل بھی اپنی انتخابی مہم کے دوران متعدد بارکیوبا سے تعلقات ختم کرنے کی دھمکیاں دیتے رہے ہیں۔

نومنتخب صدرکی جانب سے کیوبا کودھمکی اس وقت دی گئی ہے جب کیوبا کے عوام اپنے سابق صدراورانقلاب کی علامت سمجھے جانے والے رہنما فیڈل کاستروکے دنیا سے گزرجانے کے غم میں ہیں۔

 



واضح رہے کہ کیوبا اورامریکا کے درمیان دہائیوں سے جاری سرد جنگ اس وقت ختم ہوئی تھی جب گزشتہ سال امریکی صدراوباما تاریخی دورے پرکیوبا پہنچے تھے جوکسی بھی امریکی صدرکا 88 سال میں کیوبا کا پہلا دورہ تھا جسے دونوں ملکوں کے کشیدہ تعلقات کی فضا میں دوستی کی خوشگوار ہوا کا جھونکا قراردیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں