دبئی فٹنس ایکسپو میں پاکستانی باڈی بلڈرنے گولڈ میڈل جیت لیا

اللہ تعالیٰ کے کرم اور والدین کی دعاؤں کے نتیجے میں مجھے پاکستان کا نام روشن کرنے کا موقع ملا،شیخ صدیق

شیخ صدیق نے باڈی بلڈنگ کے 70 کلو گرام کلاس کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی،فوٹو اے پی پی

متحدہ عرب امارات میں منعقدہ بین الاقوامی فٹنس ایکسپو میں پاکستانی باڈی بلڈر شیخ صدیق نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔


دبئی میں جاری فٹنس ایکسپو میں دنیا بھر سے آئے ہوئے تن ساز فٹنس اور باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں،ایونٹ میں ہونے والے باڈی بلڈنگ کے 70 کلو گرام کلاس کے مقابلے میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے سابق مسٹر جونیئر اسلام آباد شیخ صدیق نے تمام شرکاء کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن پر قبضہ جمایا۔

شیخ صدیق جب اپنا میڈل وصول کرنے اسٹیج پر آئے تو اس موقع پر انہوں نے سبز ہلالی پرچم لہرایا جس پر ہال پاکستان زندہ باد کے نعروں اور تالیوں سے گونج اٹھا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ صدیق کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم اور والدین کی دعاؤں کے نتیجے میں ان کو یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے اور وہ دنیا بھر سے آئے شرکا میں ممتاز رہے اور انہیں پاکستان کا نام روشن کرنے کا موقع ملا۔
Load Next Story