سی پیک منصوبوں سے پاکستان کا سماجی و اقتصادی منظرنامہ تبدیل ہو جائے گا وزیراعظم

وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت سی پیک منصوبوں کی پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔

وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت سی پیک منصوبوں کی پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ فوٹو؛ فائل

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہےکہ سی پیک منصوبوں سے پاکستان کا سماجی و اقتصادی منظرنامہ تبدیل ہو جائے گا اور لوگوں کے معیارزندگی میں بہتری آئے گی۔

وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری پر پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں اجلاس کو گوادر کی بندرگاہ کے علاہ بجلی کی ترسیلی لائنوں اور پن بجلی، کوئلہ، ہوا ، سورج اور ایل این جی سمیت اقتصادی راہداری کے تحت توانائی منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا۔ اجلاس کو راہداری منصوبوں پر کام کرنے والے چینی انجینئر اور ماہرین کی سیکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوششوں کے مثبت نتائج ملنا شروع ہوگئے ہیں، چین پاکستان کے عوام، ملک اور حکومت کا حقیقی دوست ثابت ہوا ہے، اقتصادی راہداری کے تحت بجلی کے منصوبوں سے ملک کے توانائی کا لائحہ عمل تیز ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں سے پاکستان کا سماجی و اقتصادی منظرنامہ تبدیل ہو جائے گا اور لوگوں کے معیارزندگی میں بہتری آئے گی۔


وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ جب 2013 میں موجودہ حکومت برسر اقتدار آئی تو ملکی معیشت بحران کا شکار تھی، چین نے اس مشکل مرحلے میں معاشی بحالی میں ہماری حمایت اور مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ چین کی بصیرت افروز قیادت نے پاکستان کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تصور کو حقیقت میں تبدیل کرنے میں مدد دی۔ وزیراعظم نے اقتصادی راہداری کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اس جامع اقتصادی منصوبے کے آغاز نے دنیا کو بالعموم اور علاقائی ممالک کو بالخصوص اپنی طرف راغب کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے نے پاکستان کی سیکیورٹی کے بارے میں انتہائی منفی تاثر کو مثبت اقتصادی تاثر میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی کامیابی سے پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

https://www.dailymotion.com/video/x541onj
Load Next Story