ورزش کریں اور طویل عمر پائیں

سائیکل چلانا، جاگنگ، تیراکی اور تیز جاگنگ سے امراضِ قلب دور رہتے ہیں اور طبعی عمر بڑھتی ہے۔ تحقیق


ویب ڈیسک December 02, 2016
سائیکل چلانا، جاگنگ، تیراکی اور تیز جاگنگ سے امراضِ قلب دور رہتے ہیں اور طبعی عمر بڑھتی ہے۔ تحقیق، فوٹو؛ فائل

RIYADH: برسوں کی تحقیق اور ہزاروں افراد پر کیے گئے سروے سے معلوم ہوا ہےکہ کھیلوں کی بنیاد پر کی جانے والی ورزش سے امراضِ قلب کے خطرے کو کم کرتے ہوئے صحت مند اور طویل عمر حاصل کی جاسکتی ہے۔

برطانوی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیقی رپورٹ میں کھیل اور مختلف امراض سے ہونے والی اموات کے درمیان تعلق کو واضح کیا گیا ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ کھیل نہ صرف عام زندگی میں فٹ رکھتے ہیں بلکہ کئی جان لیوا امراض کو بھی دور کرتےہیں۔

تحقیق کے لیے صحت کے 11 سروے کا جائزہ لیا گیا جو 1994 سے 2008 کے درمیان تھے اور اس میں 80 ہزار سے زائد افراد کا ڈیٹا حاصل کیا گیا جن کی اوسط عمر 52 برس تھی۔ ہر شریک سے گزشتہ 4 ہفتے میں ایسی ورزش کے بارے میں پوچھا گیا تھا جس سے ان کا سانس پھولا اور انہیں پسینہ آیا تھا۔ اس کے علاوہ ان سے باغبانی اور دیگر سرگرمیوں کے بارے میں پوچھا گیا۔ ان میں سے صرف 44 فیصد شرکا ہی اس معیار پر پورا اترے کہ وہ باقاعدہ ورزش کیا کرتے تھے۔

ان افراد پر 9 سال تک کے لیے نظر رکھی گئی اور ان میں 8790 افراد افراد وفات پاگئے جن میں سے 1909 ہارٹ اٹیک یا فالج کی وجہ سے مرے تھے۔ ماہرین نے کہا کہ ادھیڑ عمر میں ان 6 کھلیوں میں سے ایک کو ضرور اختیار کریں جن میں تیراکی، ایئروبکس، سائیکلنگ، ریکٹ اسپورٹس، ایروبکس اور تیز دوڑ شامل ہیں۔

ماہرین نے تیز واک اور جاگنگ کو سب سے بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ جاگنگ کرنے والے افراد میں بیماریوں اور امراضِ قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ 45 فیصد تک کم ہوتا ہے۔ اسی لیے تمام مرد و زن کے لیے یہی مشورہ ہے کہ وہ روزانہ نصف گھنٹہ جاگنگ کے لیے نکالیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں