پیریاڈک ٹیبل دوری جدول میں مزید 4 نئے عناصر شامل

نئے عناصر کی شمولیت کے بعد دوری جدول میں عناصر کی تعداد 114 سے بڑھ کر118 ہوگئی۔

نئے عناصر کی شمولیت کے بعد دوری جدول میں عناصر کی تعداد 114 سے بڑھ کر118 ہوگئی۔ فوٹو:فائل

طالبعلوں کے لئے بری خبر یہ ہے کہ دوری جدول (Periodic Table) میں مزید 4 نئے عناصر شامل کر لئے گئے ہیں جس کے بعد اب انہیں 114 کے بجائے 118 عناصر کے بارے میں پڑھنا ہوگا۔

انٹرنیشنل یونین آف پیور اینڈ اپلائیڈ کیمسٹری کے سائنسدانوں نے دوری جدول میں ایٹمی نمبر کی بنیاد پر مزید 4 نئے عناصر شامل کرلئے ہیں جس کے بعد دوری جدول میں عناصر کی تعداد 118 ہوگئی۔ نئے عناصر کی شمولیت کے بعد دوری جدول کا ساتواں گروپ بھی مکمل ہوگیا۔ دوری جدول میں شامل ہونے والے عناصر میں نیہونیم، ماسکوویم، تینیسائن اور اوگانیسن شامل ہیں۔



نیہونیم:

دوری جدول کا 113واں نمبرحاصل کرنے والا عنصر نیہونیم کا علامتی نمبر(Nh) ہےجو بہت زیادہ تابکار عنصر ہے جسے جاپان سے دریافت کیا گیا اوریہی وجہ ہے کہ اس کا نام بھی جاپانی زبان میں ہی رکھا گیا ہے۔ جاپانی زبان میں نیہون کا مطلب ہے ایسی زمین جہاں سے سورج طلوع ہوتا ہے۔


ماسکوویم:

نیا دریافت ہونے والا عنصر ماسکوویم روس اور امریکی سائنسدانوں کی مشترکہ کاوشوں کے بعد دریافت کیا گیا جس کا علامتی نمبر (Mc) رکھا گیا ہے جب کہ اس کا ایٹمی نمبر 115 ہے۔ تحقیقاتی ٹیم میں شامل بیشتر سائنسدانوں کا تعلق روسی دارالحکومت ماسکو سے ہونے کی بنا پر اس عنصر کا نام بھی ماسکوویم رکھا گیا ہے۔

تینیسائن:

دوری جدول میں شامل کیا گیا تیسرے نئے عنصر کا ایٹمی نمبر 117 ہے جس کا نام امریکی ریاست تینیسی کے نام پر رکھا گیا ہے جب کہ اس عنصر کا علامتی نام (Ts) ہے۔

اوگانیسن:

اس عنصر کو ایٹمی نمبر کی بنیاد پر 118ویں نمبر پر رکھا گیا ہے جس کا علامتی نمبر(Og)ہے۔ اس عنصر کی دریافت کرنے والے روسی سائنسدان یوری اوگانیسن کے نام پر ہی اس عنصر کا نام رکھا گیا ہے۔
Load Next Story