بھارت میں فتح کا جھنڈا گاڑھنے کا عزم قومی ٹیم کی آج روانگی

پہلے مرحلے میں ٹوئنٹی20 اسکواڈ کے ارکان لاہور سے براستہ دہلی، بنگلورجائیں گے، میزبان سے منگل کوپہلامقابلہ


Sports Reporter December 22, 2012
چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے اہم ٹور سے قبل حوصلے بڑھائے، کھلاڑی صحیح معنوں میں ملکی سفیر کا کردار ادا کریں گے، ذکا اشرف کو یقین فوٹو: آئی این پی/فائل

فتح کا جھنڈا گاڑھنے کا ارادہ لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم ہفتے کو بھارت روانہ ہوگی، اسکواڈ لاہور سے براستہ نئی دہلی، بنگلور پہنچے گا۔

دورے کا آغاز منگل کو پہلے ٹوئنٹی 20 میچ سے ہو گا،دریں اثنا جمعے کو چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے اہم ٹور سے قبل حوصلے بڑھائے۔ تفصیلات کے مطابق اب وہ وقت زیادہ دورنہیں رہا جب پاکستانی ٹیم 5 برس بعد بھارتی سرزمین پر ایکشن میں دکھائی دیگی، اس نے آخری دورہ شعیب ملک کی زیرقیادت 2007ء میں کیا تھا، روایتی حریف ٹیم کو پاکستان کا جوابی ٹور بھی کرنا تھا لیکن ممبئی حملوں کے بعد باہمی کرکٹ ہی ختم ہو گئی، دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی کے ٹورنامنٹس میں ہی مدمقابل آتیں، ذکااشرف نے چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کیساتھ روابط بہتر بنانے کی کوششوں کا آغاز کیا جس کے بعد روایتی حریفوں کے درمیان 2 ٹوئنٹی20 اور3 ون ڈے میچزکی سیریز طے پائی۔

25 دسمبر سے شروع ہونیوالی سیریز کی تیاریوں کیلیے پاکستانی پلیئرز نے چیف کوچ ڈیو واٹمورکے ساتھ فیلڈنگ و بولنگ کوچز جولین فائونٹین و محمد اکرم اور بیٹنگ کنسلٹنٹ انضمام الحق کی زیر نگرانی لاہور میں ٹریننگ کی، اس دوران پریکٹس میچز بھی کھیلے گئے۔

1

اب ٹیم سیریز میں شرکت کیلیے ہفتے کو بھارت روانہ ہوگی، پہلے مرحلے میں صرف ٹوئنٹی20 ٹیم کے کھلاڑی جائیں گے، ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بننے والے پلیئرز کی روانگی26 دسمبر کو شیڈول ہے، ہفتے کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے بھارت جانے والوں میں محمد حفیظ (کپتان)، ناصر جمشید، کامران اکمل(وکٹ کیپر)، عمر اکمل، عمر امین، شعیب ملک، شاہد آفریدی، سعید اجمل، محمد عرفان، جنید خان، سہیل تنویر، عمر گل، اسد علی، ذوالفقار بابر اوراحمد شہزاد شامل ہیں۔

11 رکنی ٹیم مینجمنٹ کے ہمراہ پہلی بار ماہر نفسیات مقبول بھی جائیں گے۔ دریں اثنا جمعے کو چیئرمین بورڈ ذکا اشرف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں دیگر اعلیٰ عہدیداروں اور ٹیم مینجمنٹ کی موجودگی میں کھلاڑیوں سے ملاقات کی، اس دوران انھوں نے دورئہ بھارت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹیم حریف کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی، پلیئرز بھی صحیح معنوں میں ملکی سفیر کا کردار ادا کریں گے۔ذکا اشرف نے کہا کہ قوم کی دعائیں ٹیم کے ساتھ ہیں اور وہ اسے بھارت سے فاتح بن کر لوٹنا دیکھنا چاہتی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے شاہد آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا فارم میں آنا خوش آئند ہے، آپ بھارت میں بھی بہت زیادہ مقبول اور ایکشن میں دیکھ کر شائقین کی خوشی کی کوئی انتہا نہیں رہتی،آپ کو یہ بات بھی یاد رکھنی چاہیے کہ لوگ آپ سے امید کرتے ہیں کہ جلد آئوٹ ہونے کے بجائے وکٹ پر زیادہ دیر تک قیام کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں