بنگلہ دیشی ٹیم کے آئندہ ماہ پاکستان آنے کا یقین ہے چیئرمین بورڈ

پڑوسی ملک نے دورے کی منظوری دیدی، صرف آئی سی سی کو بتانا باقی ہے

سیکیورٹی معاملات بہتر ہوں گے تو بھارتی ٹیم بھی جوابی دورہ کرسکتی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

چیئرمین پی سی بی ذکااشرف نے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم کے آئندہ ماہ پاکستان آنے کا یقین ہے، مقابلوں کیلیے ہم سے تاریخیں طلب کی گئیں تھیں جو فراہم کردیں،ہمسایہ ملک کے بورڈ حکام نے بھی دورے کی منظوری دیدی، صرف آئی سی سی کو بتانا باقی ہے۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ٹور کو حتمی شکل دینے کیلیے پنجاب حکومت کی ضمانت چاہیے، امید ہے کہ اس بار پہلے والی غلطیاں نہیں ہونگی، ڈومیسٹک ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ کے دوران پنجاب پولیس نے بہترین انتظامات کیے، ماضی میں جو کچھ بھی ہوا بار بار دہرانے کا کوئی فائدہ نہیں ، پوری توقع ہے کہ مل جل کر بنگلہ دیشی ٹیم کی بہترین میزبانی کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔




ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک پالیسی ضرور دے سکتے ہیں مگر انتظامات تو صوبائی حکومتوں کو ہی کرنا ہوتے ہیں، امید ہے کہ ہمیں بھرپور تعاون حاصل رہے گا، سیکیورٹی معاملات بہتر ہونگے تو بھارتی ٹیم بھی جوابی دورہ کرسکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے دورئہ بھارت میں ہم شیو سینا کی دھمکیوں سے کوئی خطرہ محسوس نہیں کرتے، سیکیورٹی کی ذمہ داری میزبان حکومت کی ہے، وہ بہتر سمجھتے ہیں کہ کیسے انتظامات کرنا ہیں، ہمارا ایک وفد بھی سیکیورٹی کا جائزہ لے کر آیا اور خاصا مطمئن ہے، کھلاڑیوں کو کسی بھی قسم کے تنازع میں الجھنے سے بچانے کیلیے طے کیا گیا ہے کہ ٹیم کو جہاں بھی جانا ہوا اکٹھی جائے گی، پلیئرز انفرادی حیثیت میں تقریبات میں شرکت نہیں کرینگے۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ سیریز کے دوران دونوں ممالک کے عوام کو جاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
Load Next Story