پاک بھارت سیریز سے براڈ کاسٹر کے وارے نیارے

5 میچز سے 140کروڑ سے زائد کی آمدنی ہوگی، اشتہارات کے نرخ دگنے ہوگئے


Sports Desk December 22, 2012
شیو سینا کا رنگ میں بھنگ ڈالتے ہوئے میچز کے دوران احتجاجی مظاہروں کااعلان۔ فوٹو: فائل

پاک بھارت کرکٹ سیریز سے براڈکاسٹر ادارے کے وارے نیارے ہو جائینگے، 5 میچز سے اسے140 کروڑ سے زائد کی آمدنی ہوگی، چینل نے اشتہارات کے نرخ دگنے کر دیے ہیں۔

ون ڈے کیلیے 10 سیکنڈ کے7 سے ساڑھے سات لاکھ جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں9 لاکھ روپے وصول کیے جا رہے ہیں، دوسری جانب انتہا پسند بھارتی تنظیم شیوسینا نے رنگ میں بھنگ ڈالتے ہوئے میچز کے دوران احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کیخلاف سیریز سے جہاں بھارتی بورڈ اربوں روپے کمائے گا وہیں براڈ کاسٹر ادارے کے بھی مزے آ گئے،5 سال بعد روایتی حریفوں کے مقابلوں کیلیے ای ایس پی این اسٹار اسپورٹس نے اشتہارات کے ریٹ دگنے کر دیے ہیں، دیگر تمام کرکٹ سیریز کے مقابلے میں پاک بھارت میچز میں شائقین کی توجہ بہت زیادہ ہوتی ہے۔

3

کمپنیز اسی کے مدنظر اشتہارات دینے میں خاصی دلچسپی رکھتی ہیں، براڈ کاسٹر اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ون ڈے میچ کیلیے 10 سیکنڈ کے7 سے ساڑھے سات لاکھ جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں 9 لاکھ روپے وصول کر رہا ہے،ایک موبائل کمپنی نے اپنے بزنس کو دیگر اسٹیٹس میں پھیلانے کیلیے کرکٹ سیریز کے ہی ذریعے تشہیر کا فیصلہ کر لیا، کئی دیگر کمپنیز بھی ان مقابلوں کے تناظر میں نئی اشتہاری کمپیئنز تیار کر رہی ہیں۔

دریں اثنا جہاں ایک طرف دونوں ممالک کے درمیان سیریز کے کروڑوں لوگ بے چینی سے منتظر ہیں وہیں بعض انتہا پسند رنگ میں بھنگ ڈالنے کیلیے بھی تلے بیٹھے ہیں، کرکٹ روابط کی مخالف بھارتی تنظیم شیوسینا نے اعلان کیا کہ جس شہر میں بھی پاک بھارت میچز ہوئے وہاں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں