بابر کوہلی کا ہم پلہ قرار شعیب اختر نے سوال اٹھا دیے

حوصلہ افزائی میں برائی نہیں لیکن توقعات کا بوجھ بڑھانا درست نہ ہوگا،سابق پیسر


Sports Reporter December 04, 2016
نوجوان بیٹسمین کے بارے میں ہیڈ کوچ کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرنے کیلیے شعیب اختر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ کا سہارا لیا۔ فوٹو: فائل

بابر اعظم کو ویرات کوہلی کا ہم پلہ قرار دینے پر شعیب اختر نے سوال اٹھا دیے،سابق اسپیڈ اسٹار کا کہنا ہے کہ نوجوان بیٹسمین کی حوصلہ افزائی میں کوئی برائی نہیں لیکن توقعات کا بوجھ بڑھانا درست نہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو بابر اعظم میں بھارتی سپر اسٹار ویرات کوہلی کی جھلک نظر آتی ہے،ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا تھا کہ اس عمر میں نوجوان بیٹسمین بھارتی اسٹار کے ہم پلہ ہیں، یاد رہے کہ اس سے قبل انھوں نے اسد شفیق کوبھی تکنیکی طور پر سچن ٹنڈولکر جیسا بہتر بیٹسمین قرار دیا تھالیکن نیوزی لینڈ میں کارکردگی نے کمزوریاں آشکار کردیں۔

ہیملٹن ٹیسٹ میں وکٹوں کی جھڑی کے دوران بابر اعظم نے 90رنز کی اننگز کھیلی تو کوچ آسمان پر چڑھاتے نظر آئے، نوجوان بیٹسمین کے بارے میں ہیڈ کوچ کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرنے کیلیے شعیب اختر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ کا سہارا لیا، انھوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بابر اعظم واقعی ویرات کوہلی کے پائے کے بیٹسمین ہیں۔

پرستاروں سے رائے طلب کرنے کے بعد سابق اسپیڈ اسٹار نے دوسرے پیغام میں کہا کہ نوجوان بیٹسمین کی حوصلہ افزائی میں کوئی برائی نہیں لیکن ابھی سے توقعات کے بوجھ بڑھانا درست نہ ہوگا، ان کو نشوونما پانے اور نکھرنے کا موقع دیا جائے،ہوسکتا ہے کہ بابر اعظم آنے والے وقت میں ویرات کوہلی سے بھی بہتر ثابت ہوں لیکن ابھی انٹرنیشنل کرکٹ میں نووارد اور قدم جمانے میں مصروف نوجوان لڑکے کا بڑے اسٹارز کے ساتھ موازنہ درست نہیں، ان کو اس منزل تک پہنچنے کیلیے کئی سنگ میل عبور کرنا ہیں۔ دریں اثنا شائقین نے بھی موازنے کو قبل از وقت قرار دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں