قائداعظم ٹرافی سپر 8 سوئی سدرن کیخلاف کامران اکمل کی سنچری

بیٹسمین 131 پر ناٹ آؤٹ، یوبی ایل سے میچ میں عمران فرحت اور امام الحق بھی تھری فیگر اننگز کھیلنے میں کامیاب


Sports Reporter December 04, 2016
ایچ بی ایل نے 3 وکٹ پر 280رنز بنا لیے، این بی پی سے میچ میں کے آر ایل 244 پر آؤٹ، عاطف جبار نے 5 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ فوٹو: آئی این پی

KABUL: پی سی بی کے تحت جاری قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر8 مرحلے کے تیسرے اور فیصلہ کن راؤنڈ میں کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت واپڈا نے سوئی سدرن کیخلاف9 وکٹ پر226 رنز جوڑ لیے، عمران فرحت اور امام الحق کی سنچریوں سے تقویت پاتے ہوئے ایچ بی ایل نے یو بی ایل کیخلاف3 وکٹیں کھو کر280 رنز اسکور بورڈ پر سجادیے، این بی پی سے میچ میں کے آر ایل کی ٹیم244 رنزبناکر آل آؤٹ ہوگئی، عثمان ارشد نے سنچری جڑی، عاطف جبار نے 5 وکٹیں اپنے نام کیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کی فائنلسٹ ٹیم کے فیصلہ کے لیے ہونے والے راؤنڈ میں گروپ ون کے میچ میں حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم پر واپڈا نے پہلے بیٹنگ کی دعوت پر سوئی سدرن گیس کیخلاف90 اوورز میں 5 وکٹوں پر 226 رنزبنالیے، کامران اکمل نے 131 کی ناقابل شکست سنچری اننگز کھیلی، جس میں 15 چوکے بھی شامل تھے،عدنان رئیس نے57 رنز بناکر نمایاں رہے، احمد جمال نے2 وکٹیں حاصل کیں، گروپ ٹو میں یو بی ایل گراؤنڈ پر این بی پی کیخلاف کے آر ایل کی ٹیم پہلی باری میں 244 رنز پر سمٹ گئی، تاہم عثمان ارشد نے 12 چوکوں کی مد دسے 121 رنز کی شاندار اننگزکھیلنے میں کامیاب رہے، عاطف جبار نے 5اور محمد عرفان نے3 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر این بی پی نے بنا نقصان16رنز بنالیے۔

اسی گروپ میں این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کے کرکٹ اسٹیڈیم پرحبیب بینک نے یو بی ایل کیخلاف 3 وکٹوں پر 280 رنز بنالیے،امام الحق نے 13 چوکوں کی مدد سے 129 رنز بناکر پویلین کی راہ لے لی، عمران فرحت نے آؤٹ ہوئے بغیر3 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 128 رنز اسکور کیے، میرحمزہ نے41 رنز دیکر2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں سوئی ناردرن گیس نے کراچی وائٹس کیخلاف پہلی اننگز میں 7 وکٹیں گنواکر 339 رنز جوڑلیے، افتخار احمد24 چوکوں کی مدد سے 172 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں، عدنان اکمل نے79 کی اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے شامل تھے، تابش خان نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں